سیاسی جماعتوں کا حقیقی کام اس وقت شروع ہوتا ہے جب وہ اقتدار میں آکر عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے اپنے منشور کے مطابق کام کرتی ہیں،

بلوچستان عوامی پارٹی اسی اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے منشور اور انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے دن رات محنت کرتے ہوئے عملی اقدامات کررہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

جمعرات 22 اگست 2019 23:03

سیاسی جماعتوں کا حقیقی کام اس وقت شروع ہوتا ہے جب وہ اقتدار میں آکر عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے اپنے منشور کے مطابق کام کرتی ہیں،
کوئٹہ ۔22اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ سیاسی جماعتوں کا حقیقی کام اس وقت شروع ہوتا ہے جب وہ اقتدار میں آکر عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے اپنے منشور کے مطابق کام کرتی ہیں، بلوچستان عوام پارٹی اسی اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے منشور اور انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے دن رات محنت کرتے ہوئے عملی اقدامات کررہی ہے، ہم نے اپنے پہلے بجٹ میں اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کی جانب اہم پیشرفت کرتے ہوئے صوبے کے ہر ضلع کے لئے ترقیاتی پروگرام دیئے ہیں جبکہ نوجوانوں کو تعلیم اور تربیت کی فراہمی معاشی ترقی اور غریب عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے بھی ہماری ترجیحات کا حصہ ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، میر سلیم کھوسہ، نورمحمد دمڑ، پارلیمانی سیکریٹری بشریٰ رند، مہ جبین شیران، رکن صوبائی اسمبلی لالہ رشید بلوچ، بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر عبدالرؤف رند بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی خواہشات کے مطابق ایک متوازن بجٹ اور مثبت پالیسیوں کی بنیاد پر بلوچستان عوامی پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے اوراس کی جڑیں مضبوط ہورہی ہیں، انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قیام کا مقصد بلوچستان کی پسماندگی اور محرومیوں کو دور کرنا تھا جو گذشتہ حکومتوں کی غلط اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہوئی تھیں، انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قیام کے وقت مختلف آراء پائی جاتی تھیں کہ ہمارا پروگرام اور منشور کیا ہونا چاہئے، پارٹی کے سینئر عہدیداروں کی مشاورت سے ہم نے ایک مربوط عوامی پروگرام دیا جس کی بنیاد پر پارٹی نے انتخابات میں اکثریت حاصل کی او رہم نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائی، انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ہم نے بلندوبانگ دعوے نہیں کئے بلکہ عملی طور پر کام کرکے دکھایا، گذشتہ ادوار کے طویل عرصہ سے تعطل کے شکار منصوبوں کو مکمل کیا اور نئے منصوبے شروع کئے گئے، وزیراعلیٰ نے کہ اکہ تربت۔

(جاری ہے)

بلیدہ روڈ کا منصوبہ بھی تعطل کا شکار تھا جسے ہنگامی طور پر مکمل کیا جارہاہے ،تربت۔بل نگور روڈ اور تربت۔پسنی روڈ بھی جلد کام کا آغاز کیا جائے گا جبکہ ہوشاب۔ آوارن روڈ کا منصوبہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کرلیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی نئی ضرور ہے لیکن تجربہ کار لوگوں پر مشتمل ہے جو بلوچستان کی سیاسی، معاشی اور ترقیاتی ضروریات کو سمجھتے ہیں، ہمارے نزدیک عوامی مفاد ہر چیز پر مقدم ہے جبکہ گذشتہ ادوار میں ذاتی مفاد کو ترجیح دی جاتی تھی، قبل ازیں صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی ، بعد ازاں وزیراعلیٰ نے سرکٹ ہاوس سے تعلیمی چوک تک سڑک کا افتتاح کیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں