تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا ہے

تعلیم معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:57

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا ہے ۔ تعلیم معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کے ذریعے معاشرے سے فرسودہ خیالات اور پسماندگی ختم ہوجاتی ہے ۔ تعلیم ہی سے لوگوں کے خیالات میں مثبت تبدیلی آجاتی ہے جس سے انسان دوستی اور مثبت رویوں کو فروغ ملتا ہے ۔

ان خیلات کا اظہار صوبائی وزیر پی ایچ ای اینڈ واسا حاجی نور محمد دمڑ نے گورنمنٹ سردار عیسیٰ خان گرلز ہائی اسکول کے سالانہ تقریب میں تقسیم انعامات 2018 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ آج کے بچے ہمارے صوبے اور ملک کے مستقبل کے معمار ہیں آنے والے زمانے میں ہماری یہی نئی نسل صوبے اور ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنے میں کلیدی کردار ادا کرینگے ہمارے بچوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی پڑھائی پر مکمل توجہ دیں آج کل کے اس جدید دور میں اور جدید تعلیم کے بغیر ہم ترقی کے منازل طے نہیں کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

جدید تعلیم سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ہی کے ذریعے سے آج کی دنیا گلوبل ولیج بن گئی ہے بچے اپنا قیمتی وقت ضائع نہ کریں کیونکہ گیا ہوا وقت دوبارہ نہیں آسکتا ہے یہی وقت آپ تمام بچے تعلیم حاصل کرنے پر صرف کریں کیونکہ اس طرح سے آ پ اپنے والدین کی توقعات پر پورا اتر سکتے ہیں صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ نے اس ضمن میں کہا کہ اساتذہ اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دیں اس سے آپ لوگوں کی روزی بھی حلال ہوجاتی ہے اور اپنے ضمیر کو بھی مطمئن کرسکتے ہیں ۔

کیوںکہ پڑھانا بہت اعلیٰ پیشہ ہے اس سے لوگوں کے اذہان میں مثبت تبدیلی رونما ہوجاتی ہے ۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے اسکول کے بچیوں میں سالانہ انعامات تقسیم کیئے اسکول کے طالبات کی نظم و ضبط پر مسرت کا اظہار کیا اور بینڈ پر فورم کرنے والے طالبا ت کو اپنے جیب سے نقد بیس ہزارروپے نقد دیئے ۔ اس موقع پر گورنمنٹ سردار عیسیٰ خان گرلز ہائی اسکول کے ہیڈ مسٹریس مریم شیریں ، ڈی ای او اعجاز مینگل ، کونسلر کاظم علی اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں