بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو کسی صورت پیٹرول فروخت نہیں کیا جائے،ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:58

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ نذیر احمد کرد نے تمام پیٹرول پمپ مالکان کو نوٹس جاری کیا ہے کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو کسی صورت پیٹرول فروخت نہیں کیا جائے۔ نوٹس میں ہدایت کی گئی ہے کہ جب تک موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ پہن کر نہیں آتا، تب تک اسے پیٹرول پمپ سے ایندھن فراہم نہیں کیا جائے۔

ٹریفک پولیس نے کافی عرصے سے موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ پہننے کی پابندی کرنے کے حوالے سے مہم شروع کر رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی نے مزید کہا کہ دوران ڈرائیونگ ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار افراد کی حفاظت کا ضامن ہے کیونکہ ہیلمٹ روڈ حادثہ کی صورت میں سر کی جان لیوا چوٹ سے محفوظ رکھتا ہے۔ موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال کریں ۔ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے روڈ سیفٹی قوانین پر عمل کئے بغیر ڈرائیونگ انتہائی خطرناک عمل ہے ۔لہذا موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کی اہمیت کے پیش نظر دوران ڈرائیونگ ہیلمٹ کا استعمال اپنے اوپر فرض کر لیں کیونکہ ہیلمٹ آگاہی کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر قانونی کارروائی کاعمل بھی جاری ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں