بلوچستان کی صوبائی زکواة کونسل کے قیا م میں مسلسل تاخیر سے فنڈز واپس ہونے کا خدشہ

ابھرنے لگا

جمعہ 19 اپریل 2019 00:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2019ء) بلوچستان کی صوبائی زکواة کونسل کے قیا م میں مسلسل تاخیر سے فنڈز واپس ہونے کا خدشہ ابھرنے لگا ، زکواة کونسل کی معیاد ختم ہونے کے باعث بلوچستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد سے زکواة تقسیم نہیں ہوئی کیونکہ زکواة کی تقسیم کا عمل کونسل کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں ۔ اس سلسلے میں مشرق سے بات چیت کرتے ہوئے معروف سماجی کارکن ، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء و ممبر ڈسٹرکٹ زکواة کونسل کوئٹہ جاوید احمدخان نے بتایا کہ جولائی2018ء سے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں زکواة تقسیم نہیں ہوئی کیونکہ صوبائی کونسل کی معیاد ختم ہوگئی ہے اور کونسل کے بغیر بجٹ کی منظوری نہیں ہوسکتی انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی صوبائی زکواة کونسل بنے گی وہ بجٹ کی منظوری دے گی اور منظوری کے بعد ہی بجٹ کی تقسیم کا عمل شروع ہوگا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں شدید مہنگائی اور گرانفروشی نے غریب اور متوسط طبقات کو گوناگوں مشکلات سے دوچار کردیا ہے ایسے میں غرباء ، مساکین اور دیگر مستحقین میں زکواة کی تقسیم نہ ہونے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے عوامی حلقوںنے مشرق کے توسط سے صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام سے فوری طورپر کونسل کے قیام ، بجٹ کی منظوری اور زکواة کی تقسیم کا عمل شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مالی سال کے اختتام او ر رمضان المبارک سے پہلے پہلے مستحقین کو ریلیف فراہم کیاجاسکے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں