بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہوٹل و ریسٹورنٹ مالکان اور فوڈ ورکرز کی عملی تربیت کے لیے عنقریب ماڈل کچن بنائے گی، میجر (ر) بشیر احمد

جمعہ 19 جولائی 2019 23:56

کوئٹہ۔ 19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی میجر (ر)بشیر احمد کی سربراہی میں بی ایف اے کی آپریشنل ٹیم نے جناح روڈ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے صفائی کے ناقص انتظامات، کچن و اسٹوریج ایریا میں گندگی اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر سول ریسٹورنٹ اینڈ باربی کیو اور کومل فوڈ پوائنٹ اینڈ بریانی ہاؤس کو سیل جبکہ بی ایم سی ہسپتال میں قائم عبداللہ ہوٹل کو 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

جمعہ کے روز بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام نے مزید کارروائیوں کے دوران سول ہسپتال میں قائم کینٹین،نیوکوئٹہ زرغون ہوٹل،جہانزیب ہوٹل اور حق باہو ہوٹل کو وارننگ نوٹسز جاری کیے۔مذکورہ کھانے پینے کے مراکز کو آئندہ ایک ہفتے کے اندر صفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور اشیاء خوردونوش کی تیاری و فروخت کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق کرنے کے حوالے سے خصوصی ہدایات دی گئیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے میجر (ر) بشیر احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہوٹل و ریسٹورنٹ مالکان اور فوڈ ورکرز کی عملی تربیت کے لیے عنقریب ماڈل کچن بنائے گی تاکہ انہیں اشیاء خوردنوش کی تیاری سے لے کر عوام کو فروخت کرنے کے تمام مراحل و اسٹینڈرز کے حوالے سے تربیت و آگہی دی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی و اشیاء خوردونوش کابہتر معیار برقرار رکھنے اور فوڈ انڈسٹری کی بہتری کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں