یہ ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ سوشل میڈیا نے دنیا کو حقیقی طور پر گلوبل ویلج بنادیا ہے، ہدایت الرحمن بلوچ

اس کا مثبت استعمال تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔ مصر، تیونس میں اسلامی انقلاب لانے اور ترکی میں فوجی بغاوت کو ناکام بنانے میں سوشل میڈیا کا بہت بڑا کردار تھا،صوبائی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی

پیر 23 ستمبر 2019 23:52

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ سوشل میڈیا نے دنیا کو حقیقی طور پر گلوبل ویلج بنادیا ہے، اس کا مثبت استعمال تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔ مصر، تیونس میں اسلامی انقلاب لانے اور ترکی میں فوجی بغاوت کو ناکام بنانے میں سوشل میڈیا کا بہت بڑا کردار تھا ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشہ روز سوشل میڈیا ذمہ داران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی بھی سوشل میڈیا کے اس دور میں خود کو زیادہ منظم انداز میں متحرک کرچکی ہے۔ ہمارے با کردار نوجوان ہر سطح پر اپنی پوری صلاحیتوں کے ساتھ میدان میں موجود ہیں۔ اس وقت اربوں انسان سوشل میڈیا کے ساتھ وابستہ ہیں اور ان کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا رابطے کا آسان اور سستا ذریعہ ہے،آپ جہاں اور جس جگہ بھی ہوں وہیں سے میلوں دور بیٹھے افراد سے نہ صرف بات کر سکتے بلکہ انہیں دیکھ بھی سکتے ہیں اور جب چاہیں اپنے جذبات و احساسات کا اظہاربھی کرسکتے ہیں۔

سوشل میڈیا کی بدولت فاصلے سمٹ گئے ہیں اور دوریاں ختم ہو گئی ہیں۔ یہ دور سب سے تیز رفتار اور ترقی یافتہ دور ہے اور ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور یہاں سوشل میڈیا کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔سوشل میڈیا برائی اور اچھائی کا مشترکہ مجموعہ ہے۔ لہٰذا اس کا استعمال احتیاط سے کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ یہ فیصلہ اب آپ پر منحصر ہے کہ آیا اس کے مثبت استعمال سے ہم دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت بھی سنوار لیں یا دونوں جہانوں کی ناکامی اپنے سر لے لیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے فاصلے سمیٹ دیے ہیں۔ الحمد للہ ہمارے نوجوان اس میدان میں بھی مخالفین کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے با مقصد باصلاحیت نوجوانوں کی تربیت کرنا مقصود ہوناچاہیے تاکہ وہ ہر قسم کے شکوک و شبہات سے بالاتر ہو کر اللہ کے دین کے نفاذ میں ہراول دستہ کا کردار ادا کرسکیں۔ نوجوانوں میں اس وقت اضطراب پا یا جاتا ہے۔

پاکستان کے نوجوانو ں نے سوشل میڈیا کے ذریعے تحریک انصاف کے لیے اقتدار کی راہ ہموار کرنے میں سب سے زیادہ کردار ادا کیا تھا۔ یہ بد قسمتی ہے کہ آج یہی نوجوان حکمرانوں کی کارکردگی سے مایوس ہوچکا ہے اور متبادل قیادت کو دیکھ رہا ہے۔ جماعت اسلامی ملک وقوم کو محب وطن ، با کردار اور صاف ستھری قیادت دے سکتی ہے۔ سوشل میڈیا کا استعمال کرکے ہمیں اپنے اہداف کو آسان بنانا ہوگا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں