ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت اور جوابی کارروائی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، صوبائی وزیر

پیر 21 اکتوبر 2019 17:22

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر پی ایچ ای /واسا حاجی نورمحمد خان دمڑ نے ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دینے پر اسے خراج تحسین پیش کیا ہے۔ پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، بی اے پی میں قبائلی معتبرین اور مختلف سیاسی رہنمائوں کی شمولیت سے پارٹی مزید فعال ومنظم ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس دوران حاجی میروآقا نے اپنے خاندان سمیت جمعیت سے مستعفی ہوکر اور ملک جمعہ خان نے اپنے خاندان سمیت پشتونخوامیپ سے مستعفی ہوکر بی اے پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ انتخاب سے مذہبی وقوم پرست جماعتوں کا آنے والے عام انتخاب تک مکمل صفایا کیاجائے گا اور آنے والے انتخاب میں حلقے کے دونوں اضلاع میں یونین کونسل سے لیکر ضلع کونسل و مونسپل کمیٹیوں سے بی اے پی کے نامزدامیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔

عوام پارٹی کی کارکردگی سے متاثر ہوکر جوق درجوق بی اے پی میں شامل ہورہے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں صوبائی حکومت تیزی سے صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے ، بی اے پی میں شامل ہونے والے قبائلی معتبرین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ نئے شامل ہونے والے اراکین پارٹی کی فعالی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کارلائیں گے۔

صوبائی وزیر پی ایچ ای ،واسا حاجی نورمحمد خان دمڑنے ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج اپنے ملک کی سرحدوں کا دفاع کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی کو دیکھ کر بھارتی فوجی اپنے فوجیوں کی لاشیں چھوڑ کرکے بھاگ گئے، بھارت کشمیر میں اپنے جرائم اور مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیئے ایل اوسی کی خلاف ورزی اور اشتعال انگیزی کر رہا ہے، بھارتی فوج جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ صوبائی وزیر نے بھا رتی فوج کی فائرنگ سے نہتے شہریوں اور سیکیورٹی اہلکار کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں پرخراج عقیدت پیش کیا ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں