بلوچستان کے ایجنڈے پرصوبے میں آباد اقوام متحد ہیں،لشکری رئیسانی

ٰقومی حقوق کے حصول کیلئے مشترکہ جدوجہد کے ہمارے سماج پر مثبت نتائج برآمد ہونگے،رہنما بی این پی

منگل 19 نومبر 2019 23:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2019ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ایجنڈے پرصوبے میں آباد اقوام متحد ہیں، قومی حقوق کے حصول کیلئے مشترکہ جدوجہد کے ہمارے سماج پر مثبت نتائج برآمد ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سراوان ہائوس کوئٹہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد، قاری اختر شاہ کھرل ، حاجی رحیم ترین ودیگر بھی موجو د تھے ۔

نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان میں وسائل پر قبضہ کو دوام بخشنے اور ایک گروہ کے مفادات کو تحفظ دینے کیلئے صوبے میں آباد اقوام کے درمیان انتشار،اور تفرقہ کو فروغ دیا گیا ،گوادر سے چمن ، نصیر آباد سے کوہ سلمان تک شعور رکھنے والے ہر شخص کو احساس ہے کہ آپسی اتحاد ہی ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء اور تحفظ کی ضمانت ہے اور بلوچستان کے ایجنڈے پرصوبے میں آباد اقوام متحد ہیں، انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے اندر احساس ذمہ داری پیدا کرکے کتابوں سے اپنا رشتہ جوڑ کر سماج میں کتاب دوستی کے رجحان کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ کتاب دوستی کے ذریعے علمی طورپر پسماندگی کا شکار اپنے سماج کو آگئے بڑھاسکیں ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں نوابزادہ لشکری رئیسانی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں قبائلی اراضیات پرہونے والے قبضوں کیخلاف نکالی جانے والی ریلی اور صوبائی اسمبلی کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں پارٹی کارکنوں سمیت تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے اجتماعی اور قومی مفادات کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں