قانون کی بالادستی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،چیف سیکرٹری بلوچستان

عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے قوانین پر عمل درآمد کیلئے تمام وسائل کو بروئے کارلایا جائے گا،کیپٹن (ر) فضیل اصغر

منگل 20 اکتوبر 2020 23:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے، پی ڈی ایم کے 25 اکتوبر کو ہونے والے جلسے کے لیے سیکیورٹی کی فراہمی اور آٹا، چینی سمیت اشیاء خورد نوش کی قیمتوں میں کمی لانے کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار کاکڑ اور حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی- چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے قوانین پر عمل درآمد کیلئے تمام وسائل کو بروئے کارلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

صوبے میں امن واما ن کی صورت حال کو بر قرار رکھنے کیلئے موجودہ حکومت موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے۔انھوں نے او جی ڈی سی ایل قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے عزائم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی25 اکتوبر کو ہونے والے جلسے کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے میں شرکتکیلئے آنے والے قومی رہنماؤں کی سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں کوئی کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان خود اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانے کیلیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ٓاٹے، چینی سمیت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی لائی جائے گی اور حکومتی ذمہ داری اور اخلاقی فریضہ ہونے کی وجہ سے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔

انہوں نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ تمام دکانداروں کو پابند کیا جائے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ پرائس لسٹ اپنی دکان پر آویزاں کریں۔ تاکہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیاء فروختکو یقینی بنائی جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں