نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی زیر صدارت صوبائی قومی جرگہ کااجلاس

پیر 14 جون 2021 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی زیر صدارت صوبائی قومی جرگہ کااجلاس، قبائل کی بلا پیمودہ زمینوں سے متعلق بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف صوبائی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر نظرثانی کی درخواست میں فریق بننے سمیت دیگر اہم فیصلے کئے گئے۔ صوبائی قومی جرگہ کے ترجمان کے مطابق پیر کے روز سراوان ہائوس کوئٹہ میں صوبائی قومی جرگے کا ایک اہم اجلاس نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں جرگے کے عہدیدران سمیت بلوچستان کے سینئر وکلاء نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میںقبائل کی بلا پیمودہ اراضیات سے متعلق بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے اور اس فیصلے کے خلاف صوبائی حکومت کی سپریم کورٹ میں رٹ دائر کرنے سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ا جلاس میں طے پایا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف صوبائی حکومت کی نظرثانی درخواست میں صوبائی قومی جرگہ بھی فریق بنے گا۔ اجلاس میں صوبے کے سینئر وکلاء پر مشتمل پینل تشکیل دینے کا بھی فیصلہ ہو ااور طے پایا کہ سینئر وکلاء پر مشتمل یہ پینل سپریم کورٹ میں قبائل کی بلا پیمودہ زمینوں سے متعلق بلوچستان ہائیکورٹ کے تاریخی فیصلے کا دفاع کرے گا۔

ترجمان کے مطابق صوبائی قومی جرگہ نے صوبے کے تمام قبائل سے اپیل کی ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں فریق بننے کے لئے جلد از جلد صوبائی قومی جرگہ یا سراوان ہائوس کوئٹہ سے رابطہ کریں تاکہ کیس کو جلدا زجلد سپریم کورٹ میں دائر کیا جاسکے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں