ملک کے عوام کا سیاستدانوں سے اعتماد اٹھ چکا ہے،عبدالکریم نوشیروانی

جمعہ 22 اکتوبر 2021 00:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2021ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئرنائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ملک کے عوام کا سیاستدانوں سے اعتماد اٹھ چکا ہے پاکستان اگر آج بھی قائم و دائم ہے تو پاک افواج اور اداروں کی بدولت ہے سیاستدانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اقتدار کے بھوکے ان سیاستدانوں نے منی لانڈرنگ کے ذریعے ملک اور عوام کا پیسہ بیرون ملک منتقل کیا اور آج بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے ہیں لیکن انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں ملاقات کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ پاکستان آج بھی 1947کے نقشے میں گھوم رہا ہے 74سال سے ترقی کے بلند و بانگ دعوے اور جھوٹ بولا جاتا رہا ہے لیکن زمینی حقائق اسکے برعکس ہیں اس تمام صورتحال کے ذمہ دار ملک کے سیاستدان ہیں جنہوں نے ملک و عوام کے بجائے اقتدار کو فوقیت دی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے کھوکھلے اور جھوٹے نعرے لگا کر بے وقوف بنایا۔

(جاری ہے)

اقتدار کی کرسی تک محدود رہنے والے ان سیاستدانوں نے کبھی بھی ملک کے بارے میں نہیں سوچا بلکہ دونوں ہاتھوں سے لوٹ کھسوٹ کی، اقرباپروری ان کے خون میں شامل ہوگئی اور یہاں اربوں کھربوں ڈالر کرپشن کے ذریعے کما کر منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کئے وہاں اپناکاروبار کررہے ہیں اور سازشیں اس ملک کے خلاف کررہے ہیں ملکی معیشت کو انہی سیاستدانوں نے تباہ کیا ہے ۔

غریب عوام ان کرپٹ سیاستدانوں کے باعث نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں ملک کنگال ہوگیا ہے چاروں اطراف سے پاکستان کے خلاف محاذ کھل گیا ہے لیکن ان کرپٹ سیاستدانوں کے سرپر جوں تک نہیں رینگ رہی کیونکہ انہوں نے کرپشن سے جو سرمایہ بنایا ہے وہ اور اپنے بچوں کو بیرون ملک لے گئے ہیں اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے پاکستان کے غریب عوام کی آہ ان کو ضرور لگے گی اور ملک کے خلاف جو تحریکیں یہ چلا رہے ہیں انہیں اس میں رسوائی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ ملک لاکھوں قربانیوں سے حاصل ہوا ہے طشتری میں نہیں ملا یہاں دو قانون چل رہے ہیں رول آف لااور رول آف لاغریب کے لئے رول آف لاہے اگر چھوٹی بھی غلطی کرے تو قانون کی گرفت میں آجاتا ہے امیر اور کرپٹ عناصر کے لئے رول آف لاہے جس کی کوئی گرفت نہیں وقت آگیا ہے کہ ملک میں قانون کی بالادستی قائم کی جائے ۔ وفاقی حکومت ایسے قوانین بنائے جس میں اندرون ملک اور بیرون ملک بیٹھے ان کرپٹ عناصر پر ہاتھ ڈالا جائے اور قانون کے شکنجے کو سخت کیا جائے تب جاکر انصاف کے تقاضے پورے ہونگے اور قانون کی گرفت مضبوط ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان آج اگر قائم و دوائم ہے تو اس کا کریڈٹ پاک افواج اور اداروں کو جاتا ہے جنہوں نے اس ملک کی سلامتی کی قسم کھا رکھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری افواج اور ادارے دشمنوں کی آنکھ میں کٹھکتے ہیں ہمیں اپنی افواج اور اداروں پر فخر ہے

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں