صنعت و تجارت کو ترقی دئیے بغیر بیروزگاری سے چھٹکارا ممکن نہیں،طاہربزنجو

بلوچستان میں ملازمتوں اور روزگار کے محدود مواقعوں کی وجہ سے اہل اور تعلیم یافتہ نوجوان بیروزگار ہیں،رہنما نیشنل پارٹی

بدھ 27 اکتوبر 2021 22:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2021ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر میر طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ صنعت و تجارت کو ترقی دئیے بغیر بیروزگاری کی عفریت سے چھٹکارا ممکن نہیں،بلوچستان میں ملازمتوں اور روزگار کے محدود مواقعوں کی وجہ سے اہل اور تعلیم یافتہ نوجوان بیروزگار ہیں،صوبے کے مخصوص حالات کے پیش نظر بلوچستان کے صنعت و تجارت اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کے لئے سہولیات کی فراہمی اور ٹیکسز میں خصوصی چھوٹ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی و دیگر عہدیداران و ممبران سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی و دیگر نے میر طاہر بزنجو اور ریٹائرڈ جسٹس شکیل احمد بلوچ کو چیمبر آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد چیمبر کے عہدیداران واراکین اور صنعت و تجارت سمیت دیگر پیداواری شعبہ جات سے وابستہ افراد کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے انہیں امید ہے کہ نیشنل پارٹی ہمیشہ کی طرح اب بھی صوبے میں صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی،انہوں نے کہا کہ صوبے میں بیروزگاری کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ صنعت و تجارت و دیگر شعبہ جات سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کیلئے سیاسی جماعتیں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میر طاہر بزنجو اورجسٹس (ر) شکیل احمد بلوچ نے ایوان صنعت و تجارت کے نو منتخب صدر فدا حسین دشتی و دیگر عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ صوبے کے کاروباری طبقہ کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عوام کو درپیش بڑے چیلنجز میں سے ایک بیروزگاری میں اضافہ ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ صنعت و تجارت،زراعت،گلہ بانی،کانکنی جیسے پیداواری شعبہ جات کو ترقی دی جائے، انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ہمیشہ کی طرح اب بھی صوبے کی عوام اور تجارت پیشہ افراد کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی،انہوں نے کہا کہ ہمسائیہ ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بہتری اور بند بزنس گیٹ ویز کی فعالی سے بلوچستان میں کاروبار کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کو روزگار ملے گی۔

دریں اثنا گزشتہ روز ممتاز سیاسی وسماجی شخصیت اور سابق سٹی ناظم کوئٹہ میر مقبول احمد لہڑی نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ آکر چیمبر کے صدر فدا حسین دشتی و دیگر سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کا صوبے میں تجارت کے فروغ کے لیے کردار اپنی مثال آپ ہے جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے کی عوام کی معاشی بدحالی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت پیداواری شعبہ جات کو ترقی دینے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں