شیخ زید ہسپتال میں پہلی بارمائیکرو ویسکیولر ڈی کمپریشن (دماغ کی شریانوں کے آپریشن)کا آغاز

ڈاکٹر نے مریض کا مائیکرو سکوپ کے ذریعے کامیاب آپریشن کیا،ڈاکٹر فیض الدین کاکڑ

ہفتہ 28 مئی 2022 20:41

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) شیخ زید ہسپتال نے پہلی بار مائیکرو ویسکیولر ڈی کمپریشن (دماغ کی شریانوں کے آپریشن) اور گائنی سرجری کا آغاز کرتے ہوئے مائیکرو سکوپ کے ذریعے مریض کے دماغ کی شریانوں اور ایک خاتون کی اووری میں سے ساڑھے تین کلو رسولی نکالنے کے کامیاب آپریشن کئے گئے رواں ماہ گھٹنوں کی تبدیلی کی سرجری کا بھی آغاز کیا جائیگا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال ڈاکٹر فرید احمد سمالانی نے بتایا کہ شیخ زید ہسپتال میں پہلی بار مائیکرو ویسکیولر ڈی کمپریشن (دماغ کی شریانوں کے آپریشن)کا آغاز کرتے ہوئے جمعہ کے روز ڈاکٹر فیض الدین کاکڑ نے مریض کا مائیکرو سکوپ کے ذریعے کامیاب آپریشن کیا جبکہ ڈاکٹر شانزہ نے گائنی آپریشن تھیٹر میں ایک خاتون کی اووری میں سے ساڑھے تین کلو رسولی نکال کر کامیا ب سرجری کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس ، صوبائی وزیر صحت سید حسان شاہ ، صوبائی سیکرٹری صحت صالح محمد ناصر کی کاوشوں سے شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال کا قیام کے بعد سے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ گائنی اور سرجری کے آپریشنز کئے گئے ہیں اس سے قبل یہ دونوں شعبے غیر فعال تھے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ بھی مائیکرو ویسکیولر ڈی کمپریشن کی اعلیٰ ہنر مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی نازک سرجریز کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ رواں ماہ کے دوران گھٹنوں کی تبدیلی کی سرجاری کا بھی آغاز کیا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیر صحت کے وژن کے تحت ہسپتال کے تمام شعبوں کو فعال کردیا گیا ہے ان میں مزید بہتری بھی لائی جارہی ہے تاکہ دور دراز سے آنے والے مریضوں کو فوری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں