بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ، سیکرٹری سپورٹس

جمعہ 29 مارچ 2024 20:11

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) ارکان بلوچستان اسمبلی اور سیکرٹری سپورٹس بلوچستان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے صوبے کے نوجوانوں کو اگر کھیلوں کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کانام روشن کرسکتے ہیں ،محکمہ سپورٹس بلوچستان نوجوانوں کو سماجی برائیوں اور منشیات سے دوچار رکھنے کیلئے وقتاً فوقتاً کھیلوں کے مقابلوں کاانعقادکر رہاہے ،23مارچ کی مناسبت سے بلوچستان بھرمیں کھیلوں کے مقابلوں کاانعقادکیاگیاجس میں 15ہزار سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز نے حصہ لیا۔

یہ بات ارکان بلوچستان اسمبلی میرظہور بلیدی ،رحمت صالح بلوچ ، اصغر رند ، خیرجان بلوچ اور مینا بلوچ نے ایوب اسٹیڈیم میں یوم پاکستان 23مارچ سپورٹس فیسٹول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری حاجی اعجاز علی، ڈپٹی سیکرٹری ہوم جہانزیب شیخ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکٹیوٹیز محمد آصف لانگو، عائشہ زہری سمیت کھلاڑیوں و آفیشلز بھی موجود تھے یوم پاکستان 23 مارچ کی مناسبت سے ایوب سپورٹس کمپلیکس میں جاری سپورٹس فیسٹول میں 44 علاقائی قومی و بین الاقوامی ان ڈور آوٹ کھیل شامل تھے جو کہ 6 دن تک صوبے کے تمام اضلاع میں جاری رہے۔

مقررین نے کہا کہ 23 مارچ کو فیسٹیول کا آغاز ہوا جوکہ ایک ہفتے تک جاری رہنے کے بعد آج اختتام پذیر ہوا فیسٹیول میں پورے صوبے سے 15 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا محکمہ کھیل حکومت بلوچستان نے میگاء ایونٹ منعقد کرائے سپورٹس فیسٹیول منعقد کرانے کا مقصد نوجوانوں کو کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ضرورت اس امرکی ہے کہ کھلاڑیوں کو مناسب مواقع فراہم کئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شاہزیب رند نے فائٹ جیت کر ملک و صوبے کا نام روشن کیا کوشش ہے کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مواقع فراہم کئے جائیںجس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی خواتین بھی کسی سے کم نہیں وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی جانب بھی توجہ دیں بلوچستان کے یوتھ کو لیکر وزیراعلی بلوچستان بہت ایکٹو ہیں ہماری کوششہوگی کہ ہر پلٹ فارم پر بلوچستان کے یوتھ کے بارے میں بات کریں۔

آخر میں ارکان اسمبلی ظہور بلیدی ،میر رحمت صالح بلوچ،خیر جان بلوچ،مینہ بلوچ،سیکرٹری کھیل ڈاکٹر جاوید انور شاہوانی ڈپٹی سیکرٹری ہوم جہانزیب شیخ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور سیکرٹری سپورٹس ڈاکٹر جاویدانورشاہوانی نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈ دیں ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں