مزدور اپنے حقیقی محنت و لگن اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کسی بھی فلاحی وتعمیری منصوبے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ،نورخان خلجی

منگل 30 اپریل 2024 21:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے صدر نورخان خلجی نے مزدوروں کے عالمی دن کی موقع پر شکاگو کے محنت کش شہدا کو ان کی لازوال جدوجہد وقربانیوں پرزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مزدور اپنے حقیقی محنت و لگن اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کسی بھی فلاحی وتعمیری منصوبے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے مزدوروں کے اوقات کارکو مد نظر رکھا جائے تو ان کی اجرت انتہائی کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری بدترین مہنگائی ، بیرزوگاری اور روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث ہمارے غریب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ضرورت اس امر کی ہے مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزدوروں کی تنخواہوں میںاضافہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کی تمام جمہوری اور ترقی پسند سیاسی جماعتیں مزدور تحریک کو منظم کرنے کی جدوجہد میں محنت کش طبقے اور ٹریڈ یونینوں کاساتھ دیں۔

انہوںنے کہا کہ کسی بھی ملک میں حقیقی معنوں میں جمہوریت آئین وقانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی قائم نہیں ہو سکتی جب تک گلی، محلوں، ملوں اور کارخانوں میں لوگ منظم نہ ہوں ٹریڈ یونینوں ،طلباء تنظیوں اوردیگر پیشہ وارانہ تنظیموں کی غیر موجودگی میں کوئی بھی معاشرہ ایک جمہوری معاشرہ نہیں بن سکتا، نورخان خلجی نے شکاگو کے شہیدوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں شہداء کے مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے مسلسل جدوجہد کرنی ہوگی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں