اس وقت ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھناچاہیے ،چوہدری نعیم کریم

پیر 13 مئی 2024 17:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ حکومت کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ مہنگائی اور بیروزگاری سے ہے،اس وقت ملک تجربات کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا ،ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھناچاہیے جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا اس وقت تک ملک کی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی ،اس لئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں قومی مفاد میں اپنے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک میں سیاسی استحکام پیدا کریں اورقومی مفادات کو ترجیح دیں۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کاہمیشہ سے ایجنڈا ملک و قوم کی تعمیرو ترقی اورخوشحالی رہا ہے ،موجودہ حکومت وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ،حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے جس کابراہ راست فائدہ عوام کو مل رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قائد مسلم لیگ(ن) میاں محمدنوازشریف کی مخلصانہ قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت معاشی حالات کو مستحکم اور پاکستان کو تعمیر و ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اورپاکستانی معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی،انشاء اللہ جلد ہی پاکستان معاشی بحرانوں سے نکل کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتمادد میں اضافہ ہوا ہے اور غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں، حکومتی معاشی پالیسیوں کے ثمرات نمایاں ہو رہے ہیں،آئی ایم ایف، ایشین ڈویلپمنٹ بنک سمیت بڑے عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے معترف ہیں،ان حالات میں انارکی پسندوں،اداروں کو بے توقیر کرنے والوں اور سیاست کے نام پر ریاستی مفادت سے کھیلنے والوں کی ملکی سیاست میں کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسوقت پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے جس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سیاسی جماعتیں بھرپور کردارادا کررہی ہیں مگر تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو اندرونی سیاسی خلفشار کا شکارکرکے جمہوریت کو کمزور کرنے اور سیاسی و معاشی استحکام کی راہ روکنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے جس میں پی ٹی آئی کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ،عوام پی ٹی آئی کے مذموم مقاصد سے اچھی طرح آگاہ ہوچکے ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں