ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی قیادت میں ہونے والے مذاکرات کامیاب رہے

تاجر برادری، ٹرانسپورٹ برادری اور چیمبر آف کامرس نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے،معاون برائے داخلہ بابریوسفزئی

جمعرات 11 جون 2026 23:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر تاجر برادری، چیمبر آف کامرس اور ٹرانسپورٹ برادری کے نمائندوں کے ساتھ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمد شفقات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی قیادت میں ہونے والے مذاکرات کامیاب رہے، جس کے بعد تاجر برادری، ٹرانسپورٹ برادری اور چیمبر آف کامرس نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کاروباری طبقے، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مشکلات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا، معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور کاروباری ماحول کو محفوظ بنانا ہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان دشمن اور بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر صوبے کی معاشی شہ رگ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہی عناصر تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقے کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ معاشی سرگرمیاں متاثر ہوں اور ترقی کا عمل سست پڑ جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود، امن و امان کے قیام اور معاشی استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی واضح ہدایات ہیں کہ کسی بھی شہری، تاجر یا کاروباری شخص کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

معاون برائے داخلہ نے کہا کہ حکومت، سیکیورٹی ادارے، تاجر برادری اور عوام مل کر ان عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے جو پاکستان اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے خلاف سرگرم ہیں۔ انہوں نے تاجر برادری، چیمبر آف کامرس اور ٹرانسپورٹ برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مثبت تعاون اور ذمہ دارانہ طرز عمل سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں بحال ہوں گی بلکہ بلوچستان کی معیشت مزید مستحکم ہوگی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی اور عوامی مفاد، امن و امان اور معاشی استحکام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں