ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا کا شیخ زید ہسپتال میں نئے اینڈوسکوپی یونٹ کا افتتاح

پیر 27 جون 2022 17:25

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2022ء) ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے شیخ زید ہسپتال میں نئے اینڈوسکوپی یونٹ کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم لغاری، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر آغا توحید، جی ایم ایڈمن اینڈ سروسز فاطمہ فرٹیلائزر برگیڈئیر(ر)شہباز احمدسی ایم او فاطمہ فرٹیلائزر ہمایوں شہزاد،، ایم ایس فاطمہ ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال ڈاکٹر افضل ثاقب سمیت دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے فاطمہ فرٹیلائزر ٹرسٹ کی جانب سے شیخ زید ہسپتال کو عطیہ کئے گئے اینڈو سکوپی یونٹ کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے فاطمہ فرٹیلائزرکے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فاطمہ فرٹیلائزر ٹرسٹ کی جانب سے شیخ زید ہسپتال کو 16ملین کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اینڈو سکوپی یونٹ کا عطیہ ایک بڑا اقدام ہے جس سے نا صرف ضلع رحیم یار خان بلکہ نزدیکی اضلاع، سندھ و بلوچستان کے عوام بھی استفادہ حاصل کریں گے اور شہریوں کو مہنگی اینڈو سکوپی کرانے کے لئے دور دراز بڑے اضلاع میں نہیں جانا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال کی جانب سے اینڈو سکوپی یونٹ میں مزید مشینری اور ائیر کنڈیشنڈ انسٹال کرنے کی ڈیمانڈ پر یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شیخ زید ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے ضلعی انتظامیہ اپنا بھر پور کردار ادا کرے گے۔جی ایم فاطمہ فرٹیلائزر برگیڈئیر(ر)شہباز احمد نے کہا کہ بڑی صنعتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنے ایریا میں عوامی فلاح وبہبود کے کاموں میں اپنا حصہ ڈالیں اور فاطمہ فرٹیلائرز ویلفیئر ٹرسٹ قبل ازیں بھی اس ضلع کی عوام کو سہولیات پہنچانے کے اقدامات میں اپنا حصہ ڈالتا رہا ہے اور اس روایت کو مستقبل میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج کو کہا ہے کہ وہ مریضوں کی سہولت اور فلاح و بہود کے لئے اپنی سفارشات فراہم کرے ہم اسے فاطمہ فرٹیلائزر ویلفیئر ٹرسٹ کی بورڈ میٹنگ میں اجاگر کریں گے اور انشا اللہ مزید اقدامات بھی ترجیحی بنیادوں پر کئے جائیں گے۔پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سلیم لغاری نے ڈپٹی کمشنر اور فاطمہ فرٹیلائرز انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شیخ زید ہسپتال سندھ و بلوچستان کے مریضوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور دستیاب وسائل کو بہتر اندازسے مریضوں کو سہولیات پہنچانے کے لئے استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے مریضوں کی سہولت بارے مزید مختلف اقدامات بارے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں