پورے پاکستان کی طرح رحیم یار خان میں بھی یوم پاکستان کی تقریب کا اہتمام کیا گیا

ہفتہ 23 مارچ 2024 15:19

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) پورے پاکستان کی طرح رحیم یار خان میں بھی یوم پاکستان کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے ضلعی افسران، سول سوسائٹی، ممبران امن کمیٹی و دیگر کے ہمراہ میونسپل کمیٹی ٹاؤن ہال میں پرچم کشائی کی۔پولیس، ریسکیو1122کے چاک و چوبند دستوں نے سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنی نوجوان نسل کو پیغام دینا ہو گا کہ پاکستان ہمارے اجداد کی طویل اور سخت جدوجہد، قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا،آج کا دن ہم نے تجدیدِ عہد کے طور پر منانا ہے کہ ملکی ترقی، معاشی استحکام اور قیام امن کے لئے ہم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) شاہد ملک، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر عمران بشیر، صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب قیصر غفور چوہدری، نور محمد سومرو، چیف آفیسر ضلع کونسل چوہدری محمد شفیق، ڈی ایس پی سٹی آصف رشید، ڈی ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر الیاس احمد سمیت دیگر موجود تھے۔

تقریب کے اختتام پر ممبر ضلعی امن کمیٹی ریاض احمد نوری نے ملکی استحکام، امن وامان اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے اجتماعی دعا کرائی۔\378

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں