انجمن فیض الاسلام کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ پر تقریری مقابلہ، صدیق پبلک سکول کی طالبہ حمنہ ملک نے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی

جمعرات 14 نومبر 2019 15:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) انجمن فیض الاسلام کے زیر اہتمام شہر بھر کے گرلز سکولوں کی طالبات کے درمیان سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے ’’اسوہ حسنہ کا معاشرتی پہلو ‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والے تقریری مقابلوں میں صدیق پبلک سکول کی طالبہ حمنہ ملک نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ ججزکے فیصلے کے مطابق دوسری اور تیسری پوزیشنیں بالترتیب اینگلو عریبک ہائیر سیکنڈری سکول کی سیدہ حوا بتول اور گورنمنٹ عثمانیہ گرلز سیکنڈری سکول ناز سینما کی نور فاطمہ کے حصے میں آئیں۔

تقریری مقابلوں میں شہر بھر سے 14 سکولوں کی طالبات نے حصہ لیا، جنہوں نے موضوع سخن پر پر اثر تقاریر کرتے ہوئے سیرت پاک ﷺ کو اجاگر کیا ۔ اس موقع پر معروف ماہر تعلیم ، محقق، ادیب و شاعرہ مقصودہ حسین مہمان خصوصی تھیں ۔

(جاری ہے)

ججز کے فرائض یاسمین اختر ، فریحہ نورین اورنورین اختر نے انجام دیئے۔ مہمان خصوصی میڈم مقصودہ حسین نے اپنے خطاب میں طالبات کی تقریری صلاحیتوں اور تقاریر میں بیان کردہ مضامین کو سراہا ۔

انہوںنے کہا کہ ہمارے پیارے نبی کریم ﷺ کا ایک معجزہ یہ بھی ہے کہ بے شمار غیر مسلم سکالرز بھی ان کے اعلی اخلاق و کردار کے معترف ہیں۔ انہوں نے نبی کریم ﷺ کی شان میں جارج برنارڈ شا اور رانا بھگوان داس سمیت کئی غیر مسلم ادباء و شعراء کے ادبی فن پارے پڑھ کر سنائے ۔ صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں نے اپنے صدارتی خطبے میں انجمن کے حوالے سے پائی جانے والی اس غلط فہمی کو دور کرنے کی کوشش کی کہ انجمن محض ایک یتیم خانہ یا مدرسہ ہی نہیں جیسا کہ اکثر لوگ سمجھتے ہیں بلکہ یہ ایک رفاعی اور فلاحی تنظیم ہے جو قومی تعمیر نو کے لئے معاشرے کی بہتری ، جہالت و غربت کے خاتمے سمیت قومی ہم آہنگی کے لئے بے مثال کام کر رہا ہے۔

اس موقع پر پروفیسر محمد رفیق چوہان نے بھی خطاب کیا اور سیرت النبیﷺ کے موضوع پر تقریری مقابلوں کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان مقابلوں کا مقصد طلبہ کو نبی کریم ﷺ کی سیرت کے مختلف گوشوں سے آگاہ کرنا اور انہیں اس پر عمل پیرا ہونے سے متعلق اگاہی دینا ہے ۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے صدر انجمن اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پوزیشن ہولڈر بچیوں کے علاوہ مقابلے میں شریک تمام طالبات کو حوصلہ افزائی کے انعامات دیئے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں