این اے 60 میں ن لیگ کے امیدوار سجاد خان نے الیکشن نتائج کو مسترد کر دیا

وکلاء سے قانونی مشاورت کر رہا ہوں جس کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دوں گا۔ ن لیگ امیدوار سجاد خان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 15 اکتوبر 2018 11:48

این اے 60 میں ن لیگ کے امیدوار سجاد خان نے الیکشن نتائج کو مسترد کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اکتوبر 2018ء) : این اے 60 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار سجاد خان نے انتخابی نتائج ماننے سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق این اے 60 میں ن لیگ کے امیدوار سجاد خان نے الیکشن نتائج کو مسترد کر دیا۔سجاد خان کا کہنا ہے کہ اپنے وکلاء سے قانونی مشاورت کر رہے ہیں جس کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دیں گے۔

سجاد خان کا کہنا ہے کہ میرے حلقے میں دھاندلی کی گئی ہے اور نتائج کو بھی تبدیل کیا گیا ہے۔سجاد خان نے مزید کہا کہ شیخ رشید نے وفاقی وزیر ہونے کے باجود بھتیجے کی انتخابی مہم چلائی۔سجاد نے کہا کہ وہ ایک پریس کانفرنس میں دیگر لائحہ عمل کا اعلان کیا کریں گے۔جب کہ دوسری طرف سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی راولپنڈی کو اپنی سیٹ قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

نوا زشریف کا کہنا ہے کہ پہلے 60 دنوں میں ضمنی انتخاباتکا اس طرح کا نتیجہ پہلی مرتبہ آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی نشست بھی ایسی ہی ہے کہ جیسے ہم نے جیتی ہے۔خیال رہے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 راولپنڈی IV سے اعصاب شکن مقابلہ کے بعد تحریک انصاف کے شیخ راشد شفیق 44483 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم 47 پر جاری غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ کے مطابق تحریک انصاف کے شیخ راشد شفیق کامیاب قرار پائے۔

اس حلقہ سے کُل 10 امیدوار مدمقابل تھے، جن میں سے مسلم لیگ (ن) کے سجاد خان نے 43836 ووٹ حاصل کئے اور وہ دوسرے نمبر پر رہے۔ تحریک لبیک کے امیدوار زاہد عقیل نے 2288 ووٹ حاصل کئے۔ اس حلقہ میں کُل ووٹوں کی تعداد 357768 تھی، جبکہ ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد 92962 رہی، جن میں سے 512 ووٹ مسترد قرار دیئے گئے۔ ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 25.98 فیصد رہی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں