پاکستان دنیا میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے ،ْشہر یارآفریدی

اب ڈو مور نہیں سنیں گے ،ْ آپ کو ڈو مور کرنا ہوگا،ہم پہلے ہی بہت کرچکے ہیں ،ْ وزیر مملکت برائے داخلہ

پیر 19 نومبر 2018 22:33

پاکستان دنیا میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے ،ْشہر یارآفریدی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ بین الاقوامی فورم پر کسی نے ہماری دہشت گردی کے خلاف جنگ اور قربانیوں کا اعتراف نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اب ڈو مور نہیں سنیں گے بلکہ آپ کو ڈو مور کرنا ہوگا،ہم پہلے ہی بہت کرچکے ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ نئے پاکستان میں سب کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات قائم ہوں گے ۔شہر یار خان آفریدی نے کہاکہ ریاست چلانے والے جب اپنے مفادات کو ترجیح دیتے ہیں تو عوام اضطراب کا شکار ہو جاتے ہیں، آج ملک میں مسائل کے انبار کی وجہ سے ہر شخص پریشان ہے ، آج کی دنیا انسانی وسائل کی ترقی کے لیے ملینیئم گول ،پائیدار ترقی جیسی سوچ پر عمل پیرا ہے تاہم مسلم امہ اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر دینی و دنیوی کامیابیاں سمیٹ سکتی ہے ، فائلوں کی منظوری کے لیے انہیں پہیے لگانے کی سوچ رکھنے والوں کو پیغام ہے کہ اب نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ، ہم نے نئے پاکستان کو سپورٹ کرنا ہے اور آپ نے ساتھ دینا ہے،پرانی سوچ کو ختم کرکے اپنوں کو پروموٹ نہیں کرینگے،ملکی معیشت میں قابل قدر حصہ ڈالنے پر تاجر برادری اور خطیر زرمبادلہ بھجوانے پر بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سلام پیش کرتا ہوں، تاجر برادری سنت نبوی کے اصولوں کی روشنی میں تجارت کے پیشے سے نہ صر ف رزق حلال کماتے ہیں بلکہ یہ تجارت عبادت میں بدل جاتی ہے، ہم کسی سے نہیں ڈرینگے، کسی کو ملک لوٹنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،اٹھارویں ترمیم کی بات اپنی جگہ لیکن سب سے پہلے ہم پاکستانی ہیں،جہاں کسی پاکستانی کے ساتھ زیادتی ہو گی وفاق اپنا کردار ادا کرے گا ۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی نے کہا کہ امریکہ سمیت یورپی ممالک میں جرائم رونماء ہوتے ہیں ، دنیا میں جرائم کی شرح سب سے زیادہ شکاگو میں ہے لیکن وہاں کا میڈیا ریاستی مفاد میں یہ رپورٹ نہیں کرتا، سو دنوں میں ہم نے گورننس کے حوالے سے پینتیس نکات پر کام کرنا ہے، تمام فورسز کو بتانا چاہتا ہوں ریاست انکے ساتھ کھڑی ہے۔قبل ازیں ملک صغیر احمد نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہاکہ تاجر برادری ملکی معیشت کی بحالی کے لیے موجودہ حکومت کے اقدامات کی تائید کرتی ہے اور توقع کرتی ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں ملکی معیشت پروان چڑھے گی ۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد چیمبر گذشتہ 32برس سے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کررہاہے۔اس موقع پر ایم این اے شیخ راشد شفیق ، عمر بٹ ، چیئرمین آر ڈی اے عارف عباسی،حامد نواز راجہ ، وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کے چیئرمین و صدر آئی سی سی آئی ملک زبیر ، راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر سہیل الطاف، صدر آر سی سی آئی ملک شاہد سلیم، محمد بدر ہارون ، سابق صدر راجہ عامر اقبال ‘ملک صغیر احمد ، سمیت جڑواں شہروں کی تاجر برادری کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں