چین میں پاکستان کیلئے تیار ہونے والی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کا افتتاح

معاہدے کے تحت 4 آبدوزیں چین میں تعمیر کی جائیں گی، آئی ایس پی آر

ہفتہ 27 اپریل 2024 22:37

چین میں پاکستان کیلئے تیار ہونے والی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کا افتتاح
بیجنگ /راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) چین میں پاکستان کے لیے تیار ہونے والی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی لانچنگ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔چین کے ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ کی شوانگلیو بیس میں ہونے والی تقریب میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف مہمان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق یہ پروجیکٹ پاک چین دوستی میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا ، حکومت نے چینی صدر کے دورہ پاکستان میں 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق معاہدے کے تحت 4 آبدوزیں چین میں تعمیر کی جائیں گی جب کہ دیگر 4 آبدوزیں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ میں تعمیر کی جائیں گی، یہ آبدوزیں جدید ترین ہتھیاروں اور سینسروں سے لیس ہوں گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں