اغواء و نازیبا ویڈیوز کا الزام؛ سی سی ڈی کا ملزمان کی گرفتاری کیلئے ن لیگی ایم پی اے کے ڈیرے پر چھاپہ

ایک مغوی تشویشناک حالت میں بازیاب کرالیا گیا، ڈیرے کا انچارج ریکارڈ یافتہ نکلا، مزید 66 گارڈز بھی اشتہاری پائے گئے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 اگست 2025 13:04

اغواء و نازیبا ویڈیوز کا الزام؛ سی سی ڈی کا ملزمان کی گرفتاری کیلئے ن لیگی ایم پی اے کے ڈیرے پر چھاپہ
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی)نے ممسلم لیگ ن کے ایم پی اے چوہدری نعیم اعجاز کے ڈیرے پر چھاپہ مار کر مغوی کوتشویشناک حالت میں بازیاب کر الیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سی سی ڈی کی جانب سے یہ کارروائی نازیبا ویڈیوز کے الزام پر مطلوب افراد کی گرفتاری کیلئے کی گئی جہاں ڈیرے کا انچارج بھی ریکارڈ یافتہ پایا گیا اس کے علاوہ مزید 66 گارڈز بھی اشتہاری نکلے، پولیس نے ضابطے کی کارروائی شروع کردی۔

بتایا گیا ہے کہ سی سی ڈی راولپنڈی کی جانب سے چونترہ کے علاقہ میں واقع ڈیرے پر چھاپہ مارا گیا، اس دوران ڈیرے سے ایک شخص بازیاب ہوا جس کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے، مذکورہ شخص کو زبردستی ڈیرے پر رکھا گیا تھا جہاں اُس پر تشدد بھی کیا گیا، سگریٹ جسم پر لگا کر اس کی ویڈیو بنائی گئی۔

(جاری ہے)

سی سی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن میں اشتہاریوں کی پناہ گاہوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، یہ کارروائی بھی اُن مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے کی گئی جو اغواء اور نازیبا ویڈیوز بنانے کے سنگین الزامات کا سامنا کر رہے ہیں، مطلوب ملزمان کے بارے میں تمام تفصیلات ایم پی اے نعیم اعجاز کو پہلے ہی فراہم کر دی گئی تھیں اور انہیں درخواست کی تھی کہ وہ اپنے ڈیرہ انچارج کو حکام کے حوالے کریں کیوں کہ وہ دہشت گردی کے مقدمے میں نامزد ہیں، یہ کارروائی مکمل شواہد اور قانونی تقاضوں کے تحت انجام دی گئی جہاں سے بازیاب شخص نے بھی بتایا کہ ڈیرے پر کثیر تعداد میں دوسرے صوبوں کے خطرناک اشتہاری بھی موجود ہیں۔

اس معاملے پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے چوہدری نعیم اعجاز کے ترجمان نے اس کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی سی ڈی نے بغیر تحقیق اور مناسب وجہ کے گھر میں داخل ہو کر چھاپہ مارا جو کہ غنڈہ گردی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے مترادف ہے، اہلکاروں نے سیکیورٹی گارڈز کی تلاشی کے بہانے گھر میں لوٹ مار کی اور نقدی بھی لے گئے جسے وہ ڈکیتی قرار دیتے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں