دھرنے اور احتجاج کے باعث کاروبار مفلوج ہو گیا، زاہد لطیف خان

منگل 14 نومبر 2017 19:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2017ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرزاہد لطیف خان نے کہا ہے کہ مری روڈ فیض آباد کے مقام پر دھرنے اور احتجاج کے باعث کاروبار مفلوج ہو گیا ہے احتجاج کے باعث ٹریفک مکمل طور پرجام ہے جس کی وجہ سے اشیاء کی ترسیل وقت پر نہیں ہورہی، کچھ اشیا ء موسم کی سختی برداشت نہیں کر سکتی اور خراب ہو جاتی ہیں تاجروں کا کروڑوں کا نقصان ہورہا ہے آرڈر وقت پر ترسیل نہ ہونے سے کمپنی کی شہرت کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔

چیمبر میں تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرے ہوئے انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں میں مری روڈ، اسلام آباد ہائی وے تجارتی سرگرمیوں کی واحد گزرگاہ ہے بائی پاس نہ ہونے سے تمام تجارتی اشیاء کی ترسیل کا واحد راستہ یہی سڑکیں ہیںاور احتجاج اور مظاہروں سے تجارتی سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی وے اور مری روڈ، جی ٹی روڈ اور موٹروے کے ساتھ رابطے کا واحد ذریعہ ہیں، یہ بندہوتی ہیںتو سارا کاروبار ٹھپ ہو جاتا ہے طالبعلم وقت پر سکول نہیں پہنچ پاتے، ان کی پڑھائی کا حرج ہوتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ مریض وقت پر ہسپتال پہنچنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت نازک دور سے گزر رہی ہے معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ تجارتی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور دینی جماعتوں کی جانب سے جلسے جلوس، احتجاج اور ریلیاں جمہوریت کا حصہ ہیں تاہم کاروباری سرگرمیاں متاثر نہیں ہونی چاہئیں،مہذب دنیا میں احتجاج کے لیے مخصوص جگہیںمقرر ہوتی ہیں تاکہ عام شہری، طالبعلم، تاجر اور مریضوں کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری امید کرتی ہے کہ حکومت اور مظاہرین معاملات کو جلد از افہام و تفہیم سے نمٹا لیں گے اور عوام کو اس کرب و عذاب سے نجات دلائیں گے۔ اجلاس میںسینئر نائب صدر ناصر مرزا، نائب صدر خالد فاروق قاضی، سابق صدور ڈاکٹر شمائل داؤد، راجہ عامر اقبال اور مجلس عاملہ کے اراکین نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں