یوم عاشور پر ضلع بھر میں ریسکیورزکی چھٹیاں منسوخ

ضلع بھر میں 500سے زائد ریسکیو اہلکار تعینات ،رضاکار بھی فرائض نبھائیں گے

جمعرات 20 ستمبر 2018 20:36

راولپنڈی 20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسکیو 1122راولپنڈی نے یوم عاشور پر ضلع بھر میں ریسکیورزکی چھٹیاں منسوخ کر دیں ۔یہ فیصلہ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122راولپنڈی ڈاکٹرعبدالرحمان کی زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق اجلاس میں بتایا گیاکہ ضلع بھر میں مجالس،امام بارگاہ،جلسے جلوس کے ہمراہ داخلی خارجی راستوں پر ریسکیو کیمپ لگائے جائے گے جہاں ریسکیو ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکارموجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتِ حال میں عزاداروں کوبروقت اور بہتر طور پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ سا تھ ر یسکیو 1122 کے تربیت یافتہ رضاکاربھی اپنے فرائض سرانجام دیں گئے۔

(جاری ہے)

قومی خبر ایجنسی کو موصولہ ایمرجنسی پلان کے مطابق راولپنڈی میں500سے زائد ریسکیو اہلکاروں کی سپیشل ڈیوٹی کنٹرول روم، ایمرجنسی ریسکیو اسٹیشنز، 34ایمرجنسی ایمبو لینسز،12 فائر وہیکلز، 05 ریسکیو اینڈ ریکوری وہیکلز،02 واٹر بائوزر، 20ریسکیو میڈیکل پوسٹیںاور 45موٹر بائیک ایمبولینسزپر لگائی گئی ہے ۔

10محرم الحرام کو بنی چوک، امام بارگاہ کرنل مقبول حسین،امام بارگاہ قادیمی،مرکزی جامیہ مسجد،جامیہ تعلیم القران راجہ بازار،حیدری چوک سیٹلایٹ ٹاون،قیصرسجاد مغل آباد اور قیصر عباس ٹالی موہری کے مقامات پرKey Points بنائے جائیں گے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122راولپنڈی نے کہا کہ ریسکیورز عوام الناس کی قیمتی جانوں کو بچانے اور متائژین کی تکلیف کم کر کے محفوظ معاشرے کے قیام کے مشن کے لئے کام کر رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے اجتماعات میں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نبٹنے اور لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے پہلے سے تیاری ، حفاظتی انتظامات نہ صرف حادثات اور سانحات کے اثرات کم کرتے ہیں بلکہ حادثات سے منظم اور پیشہ وارانہ انداز میں نبرد آزما ہونے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں