فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش قانون کو چیلنج اور انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بننے والا سنگین ترین جرم ہے، سی پی او محمد فیصل رانا

بدھ 26 جون 2019 19:32

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے کہا ہے کہ فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش قانون کو چیلنج اور انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بننے والا سنگین ترین جرم ہے شادیوں میں فائرنگ ہوئی تو دولہا سمیت ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے،ایس ایچ اوز شادیوں کی تقاریب،میلوں ٹھیلوں سمیت دیگر تقاریب میں فائرنگ کو روکنے کے پیش بندی اقدامات کریں ایسا نہ کرنے والے ایس ایچ اوز کے خلاف سخت کارروائی ہو گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل ایس پیز سے بات کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی نے کہا کہ پولیس کو قانون نے جو طاقت دی ہے اس کی موجودگی میں اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کے واقعات کوروکنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے،پولیس افسران اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کے واقعات کو روک لیں متعدد سنگین جرائم از خود ختم ہو جائیں گے،انہوں نے کہا کہ شادیوں کی تقاریب میں اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ ’’وڈیرا از‘‘ کی علامت اور روائت سمجھی جاتی ہے،قانون کسی کو اس بات کی اجازت ہرگز نہیں دیتا کہ وہ اپنی انا کی تسکین کے لئے قانون شکنی کرے اور شادیوں پر فائرنگ معمولی قانون شکنی نہیں بلکہ انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتی ہے،اگر کسی شادی کی تقریب میں فائرنگ ہوئی اور خدانخواستہ اس میں کوئی نقصان ہوا تو جہاں پر دولہا،شادی کے منتظمین مقدمہ میں چالان ہوں گے وہاں پر ذمہ دار پولیس افسران بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے سی پی او نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے حوالے سے محکمہ داخلہ نے قانون پر عمل درآمد کے لئے جو ایس او پی جاری کی ہے اس کی ایک ایک شق پر سختی سے عمل در آمد کروایا جائے گا،تمام ایس ایچ اوز اس حوالے سے مجھے روزانہ کی بنیاد پر بریف کریں گے،انہوں نے کہا کہ پولیس افسران ناجائز اسلحہ کے خلاف آپریشن منصوبہ بندی کے ساتھ کریں تاکہ یہ نتیجہ خیز ہو اس کے لئے انہیں جس طرح کی قانونی مدد اور سپورٹ درکار ہو گی میں دوں گالیکن اس طرح کے واقعات ہرگز ہرگز برداشت نہیں کئے جائیں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں