مصرپاکستان میں مزید سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے، احمد فضل یعقوب

پاکستان اور مصر کے درمیان تجارتی حجم260ملین ڈالر کے قریب ہے ،مصر اگلے سال ہیپاٹائٹیس سے پاک ملک بن جائیگا،دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان روابط مضبوط کرنے کی ضرورت ہے،تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں راولپنڈی چیمبر کی کوششیں اور کردار قابل ستائش ہے، مصری سفیر کا پنڈی چیمبر میں تاجروں سے خطاب

بدھ 16 اکتوبر 2019 23:47

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) مصرپاکستان میں مزید سرمایاکاری کا خواہشمند ہے۔ پاکستان اور مصر کے درمیان تجارتی حجم 260 ملین ڈالر کے قریب ہے مصر کی کمپنیاں پاکستان میںفارما سیئوٹیکل، زراعت، لائیو سٹاک، سیاحت اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔مصر اگلے سال ہیپاٹائٹیس سے پاک ملک بن جائے گا۔

پاکستا ن کو ہیپاٹائٹیس مرض سے نمٹنے کے لیے تعاون کر سکتے ہیں ۔ پاکستان اور مصر کے نجی شعبے کے درمیان روابط مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں راولپنڈی چیمبر کی کوششیں اور کردار قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان میں مصر کے سفیر احمد فضل یعقوب نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر تاجروں کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔

(جاری ہے)

ان کے ہمراہ سولہ رکنی تجارتی وفد بھی ہمراہ تھا جس کی قیادت مصر کی وزارت تجارت کے سربراہ احمد انتر کر ر ہے تھے۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان میں سرمایاکاری کے فروغ کے لیے مشترکہ فریم ورک کو آگے بڑھانے کی ضروت ہے۔ باہمی تجارت اگلے پانچ سال میں ایک ارب ڈالر تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصراور پاکستان کے درمیان چیمبر آف کامرس کی سطح پر تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

وزارت کامرس کی جوائنٹ سیکرٹری ماریہ قاضی جو وفد کے ہمراہ تھیں اپنے خطاب میں کہا کہ Look Africaاقدام کے تحت پاکستانی تاجروں کو افریقی مارکیٹوں تک رسائی کے لیے ہر ممکن مدد و معاونت کی جائے گی۔ مصر پہلا افریقی ملک ہے جس کا پاکستان کے ساتھ پہلا جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیاہے ۔اس موقع پر صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ ہمیں برآمدات بڑھانے کے لیے نئی مارکیٹیں تلاش کرنا ہوں گی ۔

سیاحت کا شعبہ اہم ہے۔حلال فوڈ، ادویات اور مشینری مصر پاکستان سے درآمد کرے۔ انہوںنے کہا کہ چیمبر کے زیر اہتمام بزنس افریقہ ٹریڈ فورم کے انعقادسے تاجر برادری کو افریقی مارکیٹوں میں تجارت اور برآمدات کے مواقع کے بارے میں آگاہی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے چیمبر آف کامرس کی سطح پر وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے سفیر کوراولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام " انٹرنیشنل راول ایکسپو2020" میں شرکت کی بھی دعوت دی۔

گرو پ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ حلال فوڈ اہم مارکیٹ ہے اس میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کیے جائیں۔اس موقع پر بی ٹوبی ملاقاتیں بھی منعقد ہوئیں۔اس موقع پر سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل، نائب صدر حمزہ سروش، مجلس عاملہ کے اراکین اور چیمبر ممبران کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں