روز مرہ کی عام استعمال کی اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے ، سیف اللہ ڈوگر

پرائس ایکٹ کی خلاف ورزی پر کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، مصنوعی مہنگائی کا باعث بننے والے دکانداراور تاجر کسی رعایت کے مستحق نہیں ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

منگل 19 نومبر 2019 23:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سیف اللہ ڈوگر نے کہا ہے کہ روز مرہ کی عام استعمال کی اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے اور پرائس ایکٹ کی خلاف ورزی پر کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے منگل کی صبح ایک خصوصی اجلاس میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں اور سپلائی کا جائزہ لیا ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل ) ظہیر انورجپہ،اے ڈی سی (ریونیو) رانا رضوان قدیر اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے سختی سے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ قیمتوں کے مطابق گھی180روپے کلو ،چینی 70روپے سے 72روپے کلو،20کلو آٹا کا تھیلہ 808روپے اور ٹماٹر 188سے 195روپے کلو سے زائد ہر گز فروخت نہ کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹس سے کہا کہ ضلع راولپنڈی کے تمام بازاروں مارکیٹوں میں موجود رہ کر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی جانچ پڑتال کریں اور اشیاء صرف کی مقررہ نرخوں سے زائد فروخت کسی صورت نظر انداز نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بازار میں روز مرہ استعمال کی کسی بھی چیز کی کمی نہیں اور سبزیاں ،پھل دالیں اور دیگر عام استعمال کی اشیاء وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔سیف اللہ ڈوگر نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کا باعث بننے والے دکانداراور تاجر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور جو دکاندار بار بار تنبیہ کے باوجود اشیاء صرف مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں ان کے خلاف مقدمات قائم کرکے انہیں جیلوں میں بندکیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں