عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کو پاک فوج نے ایک دن کے لئے اعزازی کیپٹن کے رینکس لگا ئے

ہفتہ 4 مئی 2024 20:45

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2024ء) عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کو پاک فوج نے ایک دن کے لئے اعزازی کیپٹن کے رینکس لگا ء ۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے ہر شعبہ زندگی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے، اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کو باکسنگ کے میدان میں کامیابیوں کے اعتراف میں پاک فوج میں کیپٹن کے اعزازی رینکس لگائے گئے،باکسنگ کے میدان میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ایک پروقار تقریب میں باکسر عامر خان کو اعزازی کیپٹن کے رینکس لگائے گئے،عامر خان نے اپنے شاندار کیریئر میں بے شمار کامیابیاں سمیٹیں،عامر خان نے 2004ء کے اولمپکس مقابلوں میں لائٹ ویٹ کیٹیگری میں صرف 17 سال کی عمر میں چاندی کا تمغہ جیتا اعزازی کیپٹن کا رینک لگانے کے بعد باکسر عامر خان نے کہاکہ پاک فوج نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، آج یہ اعزاز ملنے کے بعد میں فخر محسوس کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

باکر عامر خان نے کہاکہ پاک فوج کا یونیفارم پہن کر اور رینکس لگا کر وہی خوشی محسوس کر رہا ہوں جیسی خوشی مجھے عالمی چیمپئن بننے پر محسوس ہوئی تھی،پاک فوج کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ یہ ہمارا فخر ہے، آج یہ یونیفارم پہن کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا، پاکستانی نوجوانوں کو کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہئے۔

انہوںنے کہاکہ میرا ارادہ ہے کہ پاکستان میں مزید باکسنگ اکیڈمیز کھولی جائیں اور نوجوان باکسرز کی تربیت کی جائے، ایک دن ہم انشاء اللہ کامن ویلتھ اور اولمپکس میں تمغے جیتیں گے۔ باکسر عامر خان نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوئی، میں پاک فوج کا شکرگزار ہوں جس نے میری عزت افزائی کی۔ انہوںنے کہاکہ ہم جب بھی پاکستان آتے ہیں پاک فوج کی وجہ سے خود کو بہت محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میرا نوجوانوں کو پیغام ہے کہ فوکس رہیں اور محنت کریں اور خود اعتمادی پہ یقین رکھیں۔تقریب کے اختتام پر باکسر عامر خان پاکستان آرمی کیجوانوں اور افسروں کے ساتھ گھل مل گئے اور وقت گزارا۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں