تھانہ ایئرپورٹ پولیس ڈکیتوں اور چھت پر فائرنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائی سے کترانے لگی

پولیس چوکی درخواست لے جانے والی غریب محنت کش کی بیوی کو مقدمات میں ملوث کرنے کی دھمکیاں

جمعہ 23 اکتوبر 2020 22:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2020ء) تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے گلزار قائد میں واقع گھر کے تالے توڑ کر قیمتی سامان چرانے اور چھت پر فائرنگ کرنے والوں کے خلاف پولیس کارروائی کرنے سے کترانے لگی، پولیس چوکی درخواست لے جانے والی غریب محنت کش کی بیوی کو مقدمات میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دینے لگی، ایس پی پوٹھوار سرکل کو درخواست دیتے ہوئے آصفہ کامران زوجہ کامران طارق سکنہ ڈھوک ماہی سرور نے موقف اختیار کیا کہ چوکی انچارج گلزار قائد ایس آئی عمر کو درخواست دی کہ میں گھریلوخاتون ہوں میں اپنے شوہر اور بچوں کے ہمراہ اپنی امی کے گھر گئے ہوئے تھے کہ مجھے پتہ چلا کہ میرے گھر کا سامان کچھ لوگ گھر میں گھس کر اٹھا کر لے گئے ہیں،جب میں اپنے گھر کے باہر پہنچی تو دیکھا کہ میرے گھر کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے،مجھے گھر کے گیٹ کے پاس کھڑا دیکھ کر ہمارا پڑوسی چوہدری اخلاق اور کچھ نامعلوم افراد جو چوہدری اخلاق کی چھت پر تھے ، نے مجھے دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی اور کہنے لگے کہ ادھر سے بھاگ جائو نہیں تو تمھیں اور تمھارے خاوند کو زندہ نہیں چھوڑیں گے میں نے اپنے سامان کے بارے میں پتہ کرانا شروع کیا اور ریسکو 15پر کال کر دی کہ پتہ چلا کہ چوہدری حنیف عرف بلا اور تین سے چار نا معلوم لوگ میرا سامان اٹھا کر لے گئے ہیں ،15پر کال کرنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ،جب ہم گھر کے اندر گئے تو دیکھا کہ پانچ کپڑوں کے سوٹ کیس ،تین تولہ سونے کے زیورات ،روم کولر ٹی وی فریج ،ٹیبل کرسیاں اور دیگر گھریلو سامان غائب تھا ،پولیس نے موقع پر پہنچ کر سارا وقوعہ دیکھا مگر ابھی تک کوئی کاروائی نہیں کی،میںایک غریب خاتون ہوں میرے گھر گھسنے اور قیمتی سامان اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور اس وقت رات دو بجے تک چوکی گلزار قائد میں مقدمہ کے اندراج کے لیے بیٹھی رہی ،جس پر چوکی انچارج سب انسپکٹرعمرنے کہا کہ آپ صبح آ جانا آپ کی ایف آئی آر درج کر دوں گا جبکہ سائلہ پر جو فائر کیے گئے اس کے خول بھی پولیس کے حوالے کیے صبح جب چوکی گلزار قائد پہنچی تو ایس آئی عمر نے کہا کہ آپ نے مذکورہ افراد کے گھر جا کر فائرنگ کی ہے اور مذکورہ افراد نے بھی آپ کے خلاف درخواست دی ہوئی ہے ، ان افراد سے اپنی اپنے بچوں اور شوہر کی جان کو خطرہ ہے ، استدعا ہے کہ اس ساری صورت ھال کا نوٹس لیتے ہوئے انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ دار وں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں