یوم شہداء پولیس 2025 کے موقع پر یادگار شہداء پولیس راولپنڈی پر شمعیں روشن کرنے کی تقریب

اتوار 3 اگست 2025 22:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) یوم شہداء پولیس 2025 کے موقع پر یادگار شہداء پولیس راولپنڈی پر شمعیں روشن کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار، ایس پی ہیڈکوارٹرز، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ شہداء کی فیملیز کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

امن کمیٹی کے عہدیداران اور سول سوسائٹی کے افراد کی بھی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے یادگار شہداء پر شمعیں روشن کیں اور وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں شہداء کے درجات کی بلندی، ملک و قوم کی سلامتی اور قیام امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یوم شہداء پولیس ان عظیم سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے مادر وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں لازوال اور ناقابل فراموش ہیں۔ سی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دکھ کی ہر گھڑی میں راولپنڈی پولیس شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑی ہے۔ شہداء پولیس ہمارے محسن اور مشعل راہ ہیں۔ سی پی او نے بتایا کہ راولپنڈی پولیس کے 122 جوانوں نے فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کیا جن کی قربانیوں کی بدولت آج وطن میں امن قائم ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے کہا کہ یوم شہداء پولیس تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے اپنے فرائض مزید محنت، دیانت اور ایمانداری سے انجام دیں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں