ساہیوال ،جشن آزادی منانے کے ساتھ تجدید عہد کا دن بھی ہے کہ ہم وطن عزیز کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،میئر اسدعلی خان بلوچ

منگل 14 اگست 2018 21:55

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2018ء) میئر ساہیوال اسدعلی خان بلوچ نے کہاہے کہ آج جشن آزادی منانے کے ساتھ ساتھ تجدید عہد کا دن بھی ہے کہ ہم وطن عزیز کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اوران مقاصد کو حاصل کرکے رہیں گے جن کیلئے پاکستان کا قیام عمل میں آیا تھا ۔وہ یہاں کارپوریشن میں جشن آزادی کے سلسلہ میں قومی پرچم کشائی کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پرمختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین چوہدری ظفر اشرف ‘ چوہدری محمدندیم ‘ حاجی عبداللطیف ‘ملک قاسم ندیم ‘اسامہ بخاری اور کارپوریشن افسران واہلکاران بھی موجود تھے ۔ انہوںنے کہاکہ قیام پاکستان کو 71سال ہو گئے لیکن ہم ان مقاصد اور اہداف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کے لئے پاکستان بنا تھا اور اس کیلئے ہمارے اسلاف نے بے پناہ جانی ‘مالی اور عزتوں کی قربانیاں دی تھیں ۔

(جاری ہے)

آج ہمیں تجدید عہد کرنا ہے کہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر پاکستان کی تعمیر و ترقی اوربقاء و سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔ آج ہمیں سوچنا چاہئے کہ پاکستان نے ہمیں کیا کیا دیا اور اس کے جواب میں ہم نے پاکستان کو کیا کیا دیا ہے ۔ آج ہمیں عہد کرنا ہے کہ باہمی رنجشوں ‘فروعی اختلافات کو بھلا کر یکجان ہوکر پاکستان اورملت اسلامیہ کیلئے کام کرینگے تاکہ نہ صرف پاکستان بلکہ اسلام دنیا کی سب سے بڑی قوت بن سکے ۔ تقریب کے آخر میں جشن آزادی کیک کاٹا گیا ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں