عوام میں آگاہی پیدا کر کے خطرناک بیماریوں پر قابو پایا جا سکتا ہے، ڈی سی ساہیوال

جمعہ 26 اپریل 2019 18:24

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ عوام میں بیماریوں سے متعلق آگہی پیدا کر کے اور انہیں مناسب طبی سہولتیں فراہم کر کے خطرناک بیماریوں خصوصاً ہیپاٹائٹس پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔معاشرے کے فعال طبقات خصوصاً ساہیوال چیمبر کو چاہیے کہ وہ صحت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں ۔

انہوں نے یہ بات ساہیوال چیمبر آف کامرس اورالفلاح لیب کے زیر اہتمام ہیپاٹائٹس سکریننگ کیمپ کے دورے کے موقع پر کہی ۔اس موقع پر لیب کے منتظم اے ڈی چوہدری ‘ چیمبر صدر راشد حمید ‘سابق صدر چوہدری سلطان محمود‘میاں احمد سعید ‘چوہدری احمد قیوم‘چوہدری سرور جتالہ‘عمران غزالی چوہدری ‘محمد نعیم شیخ ‘خالد سلطان گوگا اور چوہدری طاہر رئوف بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے ڈی پی او کیپٹن (ر)محمد علی ضیا ، کامسیٹس ساہیوال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت‘ڈپٹی رجسٹرار صفدر علی اور ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے بھی کیمپ کا دورہ کیا اور ساہیوال چیمبر کی کاوشوں کو سراہا ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے امید کا اظہار کیا کہ ساہیوال چیمبر خطے کی صنعتی اور تجارتی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتا رہے گا اور ہیلتھ کیمپ جیسے فلاحی اقدامات سے عوام کو زبردست ریلیف ملے گا ۔انہوں نے شہر میں سے پلاسٹک شاپر کے خاتمے میں چیمبر کے تعاون سے آگہی مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں