درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے،کمشنر سرگودہا ڈویژن

منگل 20 اگست 2019 17:09

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن ظفر اقبال شیخ نے کہا ہے کہ پودے اور درخت ہماری بنجر زمینوں کو سرسبزو شاداب کر دیںگے ۔ زیر زمین پانی میں نمکیات کو اعتدال میں لائیں گے اور یہی آلودہ پانی صاف ہو کر ہمارے پینے کے قابل ہو جائے گا۔درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے یہ ہمارے مستقبل کے درخشاں اور روشن ہونے کا ضامن ہے ۔

ہر فرد درخت لگائے اور اس کی تنومندی کے لیے کوششیں کرے ۔ اس کی حفاظت کرے تاکہ لہلہاتے جنگلات ہمارے ملک کی خوبصورتی میں اضافہ کریں ۔دنیا بھر کے سیاح ہمارے ملک کی طرف کھچے چلے آئیںاورہماری سیاحت فروخ پائے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پی ایچ اے کے زیر اہتمام عوام میں آگاہی کے لیے منعقد کی گئی واک کے شرکاء سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

واک میں چیئرمین پی ایچ اے سعد اللہ وڑائچ، ڈی جی پی ایچ اے ملک ضیاء اللہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال فیروز ، وکلاء ، صحافی ، معززین اور پی ایچ اے کے اہلکاروں کی کثیر تعداد بھی موجو د تھی ۔

انہوں نے کہاکہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے پی ایچ اے کے ساتھ ساتھ شہری اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔ پی ایچ اے کے پارکس، چوراہوں اور یادگاروں کی حفاظت کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے ایک معتبر ادارہ ہے جو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شہر کو خوبصورت بنانے میں مصروف عمل ہے ۔اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے ملک ضیاء اللہ نے بتایا کہ ایک نجی تنظیم کے تعاون سے شہر بھر میں 45سو پودے لگائے جائیں گے ۔ قبل ازیں کمشنر سرگودہا نے مقابل کمشنر کمپلیکس کچہری روڈ پر پو دے لگائے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں