قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے سرکاری سطح پر قائم عارضی سیلز پوائنٹس پر فری شٹل سروس شروع کی جارہی ہے، کمشنر

منگل 5 جولائی 2022 23:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2022ء) کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں چاروں اضلاع میں قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے سرکاری سطح پر قائم عارضی سیلز پوائنٹس پر فری شٹل سروس شروع کی جارہی ہے جس کا بنیادی مقصد خریداروں کو مفت سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں کوئی غیر قانونی مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں ہوگی صرف اجازت نامے کے حامل اداروں کو ہی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت ہوگی۔

تمام مویشی منڈیوں میں ماسک کے استعمال اور سما جی فاصلے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اسی طرح سڑکوں اور گلیوں میں جگہ جگہ سری پائے بھوننے کو روکنے کے لیے دفعہ 144نافد کی جا رہی ہے۔ عید الاضحی پر صحت و صفائی کے نظام کو مثالی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈویژن بھر میں تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ آر ایچ سی اور بی ایچ یوز بھی عید کی تعطیلات میں کھلے رہیں گے۔

ڈویژنل اور ضلعی افسران بھی اسٹیشنز پر موجود رہیں گے۔ یہ احکامات انہوں نے عید الاضحی پر صفائی ستھرائی اور مویشی منڈیوں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں جاری کیے۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنرز ،صحت، لائیو سٹاک ، میونسپل اداروں پولیس اور پی ایچ اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران شریک ہوئے۔ کمشنر نے عیدگاہوں ،بڑی مساجد اور قبرستانوں کی صفائی کو پیشگی یقینی بنانے اور ان کے راستوں پر چونا وغیرہ لگانے کے احکامات بھی جاری کیے۔

اُنہوں نے مویشی منڈیوں اور عارضی سیلز پوائنٹس کے علاوہ عید کی تعطیلات میں صفائی آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے مونسپل کارپوریشن سمیت دیگر ادروں کو احکامات جاری کیے۔ انہوں نے مویشی منڈیوں اور عارضی سیلز پوائنٹس پر ویٹرنری اور صحت کے طبی کیمپ لگانے، مویشیوں کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کو سخت کرنے نیز مویشی منڈیوں میں کانگو وائرس اور کرونا کے پیش نظر جراثیم کش اسپرے کرنے کانگو وائرس اور لمپی سکن کی آگاہی کے حوالے سے چاروں اضلاع میں قصاب حضرات کے لئے آگاہی سیمیناز منعقد کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے عید کی تعطیلات کے دوران ممکنہ بارش کی صورت میں تمام ڈسپوزلز پر جرنیٹرز اور پیڑ انجن کے فنکشنل حالت میں موجود ہونے اور سیور لائنوں کی پیشگی بھل صفائی یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ کمشنر نے عید کی تعطیلات میں عوام کی راہنمائی اور سہولت کے لیے ڈویژن اور ضلعی ہیڈکوارٹرزپرکنٹرول روم بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے عید الاضحی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں