پاکستان سکواش فیڈریشن سکواش کمپلیکس کو جدید کمپلیکس بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی، فلائیٹ لیفٹینٹ محمد عدنان

پیر 28 ستمبر 2020 16:24

پاکستان سکواش فیڈریشن سکواش کمپلیکس کو جدید کمپلیکس بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی، فلائیٹ لیفٹینٹ محمد عدنان
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2020ء) صدر پاکستان سکواش فیڈریشن ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کے نمائندہ فلائیٹ لیفٹینٹ محمد عدنان نے سرگودھا ڈویژن سکواش کمپلیکس کا دورہ کیا اور سہولیات کی عدم دستیابی کا جائزہ لیا ۔ سیکرٹری سرگودھا ڈویژن سکواش ایسوسی ایشن طارق اعوا ن اورسیکرٹری فنانس وسیم جعفر نے اُن کا استقبال کیا۔

اس موقع پرفلائیٹ لیفٹینٹ محمدعدنان نے بتایا کہ صدر پاکستان سکواش فیڈریشن ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان گراس روٹ لیول پر سکواش کے کھیل کے فروغ کے خواہاں ہیں ۔ اس ضمن میں ملک میں موجود سکواش کمپلیکسز میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی اور غیر فعال کمپلکسز کو ترجیحی بنیادوں پر فعال بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ سکولز کی سطح پر کھلاڑیوں کو اس کھیل میں حصہ لینے کے بھرپور مواقع میسر آ ئیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح پاکستان اس کھیل میں اپنا کھویا ہوا مقام ایک بار پھر حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے سرگودھا ڈویژن سکواش کمپلیکس کو فنکشنل کرنے کیلئے گرانٹس کی فراہمی پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کو خراج ِتحسین پیش کیا ۔ فلائیٹ لیفٹینٹ محمدعدنان نے سکواش کمپلیکس میں زیر تربیت کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی اورکہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن شاہینوں کے شہر میں قائم اس سکواش کمپلیکس کو جدید کمپلیکس بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی ۔

انہوں نے کھلاڑیوں کیلئے ریکٹس اور دیگر ضروری سامان فراہم کرنے کا بھی یقین دلایا۔ آخر میں نمائندہ پاکستان سکواش فیڈریشن نے جمخانہ کلب میں قائم سکواش کورٹ کا دورہ کیا اور سپورٹس جمنیزیم میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر سے بھی ملاقات کی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں