وزیراعظم زرعی ایمرجنسی کے 5 سالہ پروگرام کیلئے 309ارب روپے رکھے گئے ہیں، چوہدری محمدمنیر

منگل 25 فروری 2020 23:56

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2020ء) ڈائریکٹرزراعت توسیع گوجرانوالہ چودھری محمد منیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان زرعی ایمرجنسی کے 5سالہ پروگرام کیلئے 309ارب روپے رکھے گئے ہیں، زمیندار کی پیدوار اور آمدن میں اضافہ کیلئے امسال ضلع سیالکوٹ میں گندم کی فصل پر 34کروڑ روپے کی سبسڈی کاشتکاروں کو فراہم کی جاری ہے۔

یہ بات انہوں نے وزیر اعظم زرعی ایمرجینسی پروگرام کے تحت خوردنی تیل کی پیدوارمیں اضافہ کے سلسلہ میں پسرور کے موضع دادو باجوہ میں میگا فارمرز فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور عامر شہزاد کنگ، صدر بار کونسل پسرور چودھری الیاس جٹھول، ڈپٹی ڈائریکٹر ز توسیع سیالکوٹ ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ، ڈاکٹر محمد اصغر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جواہر علی ، فوکل پرسن زاہد اقبال اور کامران بھٹی کے علاوہ کثیر تعداد میں کاشتکاروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر توسیع سیالکوٹ ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سورج مکھی کی فصل خوردنی تیل کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے جس سے ناصرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ زمیندار کو منافع بھی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ میں سال میں 2مرتبہ 25جنوری تا فروری کے آخر تک اور یکم جولائی تا10اگست تک کاشت کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت سورج مکھی کی کاشت پر فی ایکڑ5ہزار روپے سبسڈی دے گی جبکہ محکمہ زراعت کے ماہرین اور فیلڈز اسسٹنٹ سورج مکھی کاشت کیلئے زمین کی تیاری ، طریقہ کاشت ، کھادوں ،کیڑے مار اور جڑی بوٹی کے خاتمہ کیلئے ادویات کے استعمال اور سٹوریج بارے میں کاشتکاروں کو بھرپور تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔زرعی آفیسر ڈسکہ کامران بھٹی نے سورج مکھی کی کاشت کے فوائد اور بہترین پیداوارکے بارے میں کسانوں کو تفصیلی رہنمائی فراہم کی اور کاشتکاروں کے سوالات کے جواب دیئے۔ تقریب اے سی پسرور عامر شہزاد کنگ، صدر بار کونسل پسرور الیاس جٹھول نے بھی خطاب کیا۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں