شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں’’ سندھی یوم ثقافت‘‘ منایا گیا

بدھ 20 نومبر 2019 20:45

سکھر۔20نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکے شعبہ میڈیا اور کمیونیکیشن اسٹڈیز اور سندھ ٹیلی وڑن نیٹ ورک کے اشتراک سے سندھی ثقافتی یوم منایا گیا اس موقع پر ایک سندھ ایک ثقافت کے عنوان پر ایک تقریری مقابلے کا انعقاد ہوا جس میں مختلف شعبوں کے طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک پرووائیس چانسلر نے تقریری مقابلے کی صدارت کی جبکہ سندھ ٹیلی وڑن نیٹ ورک کے سکھر کے بیورو چیف شوکت نوناری مہمانِ خصوصی تھے۔

اس موقع پر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک نے کہا کہ سندھ ثقافت اور تہذیب سے مالامال ہے۔ ثقافتی یوم کے منانے سے نوجوانوں کو اپنی ثقافت کو جاننے اور سمجھنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی ثقافتی ورثے اور تہذیب کو فروغ دیں۔ انہوں نے ثقافتی ورثے کو فروغ دینے پر سندھ ٹیلی وڑن نیٹ ورک کو سراہا۔ شوکت نوناری نے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی میں ثقافتی ورثے پر پروگرام منعقد کروانے پر کی وائیس چانسلر پروفیسرڈاکٹر پروین شاہ کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ٹیلی وڑن نیٹ ورک سندھ کی ثقافت اور تہذیب کو فروغ دینے میں اپنا کلیدی کردر ادا کررہا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری چیئرمین شعبہ میڈیا اور کمیونیکیشن اسٹڈیز نے تقریری مقابلہ منعقد کروانے پر سندھ ٹیلی وڑن نیٹ ورک کے جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ قوم اپنی ثقافت اور تہذیب سے پہچانی جاتی ہے، دنیا میں وہی اقوام زندہ رہتی ہیں جو اپنی ثقافت اور تہذیب کی حفاطت کرتی ہیں۔

تقریری مقابلے کے دوران مقررین نے سندھ کی عظیم ثقافت ، ثقافتی ورثے اور تہذیب پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے معیاری تعلیم پر زور دیااور کہا کہ ثقافتی ورثے کی حفاظت کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تقریری مقابلے میں شعبہ اردو کے علی اکبر گھمرو نے پہلی، شعبہ میڈیا اور کمیونیکیشن اسٹڈیز کے شرجیل حیدر دھاریجو نے دوسری اور انسٹیٹیوٹ آف انگلش کے محمدامین خاصخیلی نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ شعبہ سندھی کے غلام نبی اٴْجن نے خصوصی انعام حاصل کیا۔

مقابلے جیتنے اور حصہ لینے والوں میں سرٹیفیکیٹس اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ ججز کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر اللہ وسایو سومرو، احمد علی میمن اور ارشاد وسان نے سرانجام دیئے۔ جبکہ نظامت کے فرائض خاوند ڈنو لاڑک نے سر انجام دیئے۔ پروفیسر غلام مصطفیٰ بلیدی، پروفیسر سرفراز کوریجو، پروفیسر لیاقت چانڈیو، فرحان علی نوناری، خان محمد سولنگی اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں مقابلے میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں