کمشنر سکھر ڈویژن کی جانب سے واٹر سپلائی اینڈ ڈرینیج اسکیموں پرپبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی سست روی پر اظہار برہمی

بدھ 23 جنوری 2019 18:16

سکھر۔23جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے شہری اور دیہی علاقوں میں تمام واٹر سپلائی، ڈرینیج اسکیموں اور آر پلانٹس محکمہ پبلک ہیلتھ کے حوالے کرنے کے عمل میں سست روی پر متعلقہ افسران پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ فوری طور پر تمام واٹر سپلائی اینڈ ڈرینیج اسکیمیں پبلک ہیلتھ کے حوالے کرکے رپورٹ فراہم کرے اور محکمہ پبلک ہیلتھ اسکیموں کی موجودہ پوزیشن کے بارے میں متعلقہ ڈی سیز کو آگاہ کریں۔

انہوں نے یہ ہدایات اپنے آفس کے کمیٹی روم میں واٹر سپلائی، ڈرینیج اسکیموں اور آر او پلانٹ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے حوالے کرنے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سکھر، گھوٹکی اور خیرپور کے ڈی سیز سمیت لوکل گورنمنٹ اور پبلک ہیلتھ کے افسران نے بھی شرکت کی۔ کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے ڈرینیج اور واٹر سپلائی سمیت آر او پلانٹ کی تمام اسکیمیں فوری طور پر محکمہ پبلک ہیلتھ کے حوالے کی جائیں تاکہ متعلقہ اسکیموں کو بہتر طریقے سے چلایا جاسکے ۔

فعال و غیرفعال اسکیمیں پبلک ہیلتھ کے حوالے ہونی ہیں جبکہ اب گھوسٹ اسکیموں کا وقت نہیں تمام اداروں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ اسکیموں سے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہوسکے۔ کمشنر سکھر نے لوکل گورنمنٹ اور پبلک ہیلتھ کے افسران پر زور دیا کہ اسکیموں کی حوالگی کے بارے میں متعلقہ اضلاع کے ڈی سیز اور اے سیز سے رابطوں کو بہتر بنائیں اگر کسی اسکیم میں کوئی بھی خرابی پیدا ہو یا پائپ میں نقص ہو تو ٹینڈر کا انتظار کرنے کے بجائے چھوٹے چھوٹے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے مزید کہا کہ شہری علاقوں میں پانی کی کمی کے سبب مسائل پیدا ہورہے ہیں اس لیے ڈرینیج اور واٹر سپلائی کی اسکیمیں چلانے کے لئے جنریٹر والے موبائل یونٹ قائم کیے جائیں تاکہ بجلی کے بحران کے سبب اسکیمیں بند نہ ہوں اس کے علاوہ ہنگامی بنیادوں پر شہریوں کو پانی فراہم کرنے کے لئے ٹینکرز کا بندوبست کیا جائے۔

کمشنر سکھر نے تمام ڈی سیز، پبلک ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، ٹی ایم ایز اور میونسپل کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ ممکنہ بارشوں سے پہلے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ممکنہ کانٹیجنسی پلان بنایا جائے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنا چاہئے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں