سکھر،یہ بجٹ تاجر برادری کا معاشی قتل کرنے کے برابر ہے،محمد عامر فاروقی

ہفتہ 15 جون 2019 23:00

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2019ء) نشتر روڈ انجمن تاجران اینڈ جنرل مرچنٹ سکھر کے صدر محمد عامر فاروقی نے موجودہ حکومت کی جانب سے حالیہ پیش کردہ بجٹ پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک ، عوام ، تاجر دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ کے بعد جس طرح مہنگائی کا جن بے قابو ہو اہے اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی یہ بجٹ تاجر برادری کا معاشی قتل کرنے کے برابر ہے اس بجٹ کا نا صرف سکھر بلکہ پاکستان کی تاجر برادری مسترد کرتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر سیکریٹریٹ میں مختلف تجارتی و کاروباری مراکز کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر سنیئر نائب صدرحاجی عبدالعزیز ہاشمانی، نائب صدر محمد انیس شمسی ، جنرل سیکریٹری شیخ محمد سلیم ، جوائنٹ سیکریٹری اول محمد احسان ملک ، جوائنٹ سیکریٹری دوئم حاجی مناف میمن ، خازن اول نذیر میمن ،خازن دوئم اشوک کمار ، سیکریٹری لیگل ایڈ ، محمد کامران شمسی ، سیکریٹری اطلاعات عزیر السلام سمیت اراکین ورکنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے ،محمد عامر فاروقی کا مزہد کہنا تھا کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والی حکومت نے غریب دشمن بجٹ پیش کرکے عوام کی تمام تر امیدوں، توقعات کا گلہ گھونٹ دیا ہے، غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور اب نئے ٹیکسز عائد کرنے، کھانے و پینے سمیت روز مرہ استعمال کی عام اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے غریبوں کی زندگی مزید مشکلات میں گھر جائیگی، ڈالر کی اڑان کی وجہ سے کاروباری طبقہ شدید پریشان حال بے روزگار ہو گیا ہے ، آئے روز نت نئے ٹیکسز لگا کر نا صرف تاجر برادری بلکہ صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے محمد عامر فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ عوام پر یکے بعد دیگرے مہنگائی بم گرعمران خان ملک کی عوام کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں سمجھ سے بالا تر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کیی ہے کہ وہ بجٹ پر نظر ثانی کریں تاکہ تاجر برادری سمیت ملک کی غریب عوام کو ریلیف مل سکے ۔#

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں