سوات ، الخدمت فاؤنڈیشن کا بنوقابل پروگرام کے تحت آئی ٹی کے 13مختلف کورسز مفت سکھانے کا اعلان

پروگرام کے تحت ہزاروں افراد کو ہنر مند بنایا جائیگا،رجسٹریشن عمل یکم جون 2024تک جاری رہے گا،صدر ضیاء اللہ خان

بدھ 15 مئی 2024 20:10

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) الخدمت فاؤنڈیشن نے سوات میں بنوقابل پروگرام کے تحت آئی ٹی کے 13مختلف کورسز مفت سکھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اس پروگرام کے تحت ہزاروں افراد کو ہنر مند بنایا جائے گا۔ بنوقابل پروگرام میں حصہ لینے کے لئے یکم جون 2024تک رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا اوراس کے مکمل کورس کی مدت تین ماہ ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن سوات کے صدرضیاء اللہ خان، بنوقابل پروگرام سوات زون ون کے ڈائریکٹر عبدالجلیل خان نے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع سوات کے نائب امیر اختر علی خان، یوسف علی خان، برکت علی بابا اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے 65فیصد نوجوانوں میں سے 30سی35فیصد تک نوجوان بے روزگارہیں اور ان نوجوانوں کو جدید کورسز کے ذریعے ہنر مند بنانا بنو قابل پروگرام کا مقصد ہے ۔

(جاری ہے)

جس کے لئے اب تک خیبر پختونخوا میں 1لاکھ 6 ہزار اور سوات میں 7ہزار افرادکااندارج کیا گیا ہے اور رجسٹریشن کایہ عمل یکم جون تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بنوقابل پروگرام کے کورسز میں حصہ لینے کیلئے عمر کی کوئی حد نہیں اور مرد و خواتین دونوں ہی اس کے لئے رجسٹریشن کرسکتے ہیں۔ کورسز میں حصہ لینے کے تمام امیدواروں کا ٹیسٹ لیا جائے گا اوران میں سے پھر حتمی امیداروں کا چنائو کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن سوات میں 200یتیم بچوں کے لئے آغوش سنٹر قائم کررہا ہے اور اس پراجیکٹ کے لئے 4کروڑ 35لاکھ روپے کی خطیر رقم سے اراضی خریدی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سوات میں وہ یتیم بچے جو اپنے گھروں میں رہ رہے ہیں ،ان میں 196بچوں کو تعلیمی اخراجات، پاکٹ منی اور دیگر ضروریات کے لئے اکاؤنٹس کے ذریعے خطیر رقم فراہم کی کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں