سجاول شہرمیں کافی عرصے سے کئی علاقوں میں صفائی کا کام مکمل طورپر بند کردیاگیا

علاقوں میں گندگی کے ڈھیرجمع ہوگئے ہیں اور شدید تعفن کے علاوہ راستے مسدود ہوگئے ہیں ،کچرا گٹروں میں بھرجانے سے گٹرابلنے لگے

پیر 25 مارچ 2019 23:57

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) سجاول شہرمیں کافی عرصے سے کئی علاقوں میں صفائی کا کام مکمل طورپر بند کردیاگیاہے جس سے ان علاقوں میں گندگی کے ڈھیرجمع ہوگئے ہیں اور شدید تعفن کے علاوہ راستے مسدود ہوگئے ہیں جبکہ کچرا گٹروں میں بھرجانے سے بھی گٹربندہوکرابل رہے ہیں، شہرکے نشیبی علاقوں میں حالت انتہائی خراب ہے جبکہ اوپری علاقوں میں شہرکے مین روڈ پر بھی گٹرابلنے سے پانی کھڑاہوجاتاہے، حال ہی میں لاکھوں روپے من پسند ٹھیکیداروں کی جاری کرکے مخصوص علاقوں کی نالیاں اور گلیاں پختہ کرانے کے ناقص کام کی وجہ سے بھی علاقہ مکین اب پریشانی کا شکارہیں ناکارہ نالیوں اور گلیوں کو اوپرکرنے سے اب پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہورہاہے، شہریوں کی جانب سے صفائی کے ناقص انتظام کے خلاف متعدد بارشدید احتجاج کیاگیاہے تاہم اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے، گندگی سے علاقے میں مکھیوں، مچھروں اور آوارہ کتوں کی افزائش ہورہی ہے اور شہری مختلف امراض اور سگ گزیدگی کا شکارہورہے ہیں، شہرمیں اسپرے کرانے کا کام موقوف کردیاگیاہے، جبکہ آوارہ کتوں کو مارنے کا کوئی انتظام نہیں کیاجارہاہے،شہریوں کی بارہا اپیلوں کے باوجود نامعلوم وجوہات کی بناپر کتاماراور مچھرمارمہم کو شروع نہیں کیاجارہاہے۔

(جاری ہے)

ادھرٹائون کمیٹی ملازمین کا کہناہے کہ انہیں کئی ماہ سے تنخواہ ادا نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے ملازمین کام پرنہیں جارہے ہیں،شہریوں نے وزیراعلیٰ سندہ، وزیربلدیات سندہ، ڈی سی سجاول اور دیگرمتعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طورپر شہرکی صفائی کے انتظام کو درست کرکے گندگی اور گٹرصاف کرائے جائیں،اور شہرمیں مچھرماراور کتامارمہم شروع کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں