ہائیکورٹ کے بیلف کا تھانہ ٹھٹھہ صادق آباد پر چھاپہ،بغیر مقدمہ حوالات میں بند نوجوان برآمد

بدھ 3 اپریل 2024 12:45

ٹھٹھہ صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2024ء) ہائی کورٹ کے بیلف کا تھانہ ٹھٹھہ صادق آباد پر چھاپہ،بغیر مقدمہ حوالات میں بند نوجوان برآمد،دو تھانیداروں،محرر سمیت پانچ اہلکاروں پر مقدمہ درج،پولیس اہلکار نوجوان کو نجی ٹارچر سیل میں رکھ کر تشدد کرتے رہے ،نوجوان کو چھوڑنے پر رقم کی ڈیمانڈ کی اور بعد ازاں حوالات میں بند کر دیا ۔

تفصیل کے مطابق صوبہ پنجاب کی تحصیل جہانیاں کے تھانہ ٹھٹھہ صادق آبادکے رہائشی ظاہر خان کے بیٹے گل زمان کو تھانہ ٹھٹھہ صادق آباد کے اے ایس آئی فرخ امیر اور ڈرائیور کانسٹیبل رانا حنیف گھر سے اٹھا کر لے گئے جنہیں تھانے لے جانے کے بجائے نجی ٹارچر سیل میں رکھ کر تشدد کرتے رہے۔نوجوان گل زمان کے والد ظاہر خان نے تھانے سے معلوم کیا تو لاعلمی کا اظہار کیا گیاجبکہ اے ایس آئی اشرف اوڈھ اور کانسٹیبل ناصر خان مختلف موبائل نمبروں سے کال کرکے نوجوان گل زمان کو چھوڑنے کیلئے پیسوں کی ڈیمانڈ کرتے رہے۔

(جاری ہے)

بعدازاں پولیس اہلکاروں نے نوجوان گل زمان کو تھانہ ٹھٹھہ صادق آباد کے محرراعجاز انور کے حوالے کر دیا جس نے نوجوان حوالات میں بند کر دیا ۔نوجوان کے والد ظاہر خان نے لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ سے رجوع کیا تو عدالت کے بیلف نے چھاپہ مار کر تھانہ ٹھٹھہ صادق آباد کی حوالات سے نوجوان گل زمان کو برآمد کروا لیا جس کے خلاف تھانے میں کوئی مقدمہ درج نہ تھا ۔نوجوان کے والد ظاہر خان کی درخواست پر اے ایس آئی فرخ امیر،اے ایس آئی اشرف اوڈھ ،محرر تھانہ اعجاز انور،کانسٹیبلان رانا حنیف اور ناصر خان کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر مقدمہ نمبر118/24زیر دفعہ155سی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں