موجودہ حکومت کیخلاف جمعیت علما اسلام کا کراچی میں دھرنا دینے کا اعلان

8کے انتخابات تسلیم نہیں کیے تھے،2024 کے بھی تسلیم نہیں ،اب فیصلے میدان میں ہوںگے،سندھ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے،راشد محمود سومرو

بدھ 3 اپریل 2024 13:00

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2024ء) جمعیت علما اسلام سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ راشدمحمود سومرو نے موجودہ حکومت کے خلاف 2مئی کوکراچی میںدھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ جے یو آئی نے 2018 کے انتخابات تسلیم نہیں کیے تھے، 2024 کے انتخابات بھی تسلیم نہیں ہیں، اب فیصلے میدان میں ہونگے،سندھ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے،کچے کے ڈاکوئوں کو پیپلز پارٹی کی سرپرستی حاصل ہے۔

سجاول میں میڈیا سے بات چیت میںجے یو آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ معصوم پریا کماری سمیت 800 سے زائد معصوم لوگ کچے میں ڈاکو کے پاس ہیں۔ انھیں برہنہ کر کے مارا جارہا ہے ان سے زیادتیاں کرکے ویڈیو بنائی جارہی ہیں۔جے یو آئی نے وزیراعظم کی موجودگی میں کچے میں جوائنٹ آپریشن کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس وقت کے وزیراعلی نے میری مخالفت کی تھی۔

اب وزیراعلی خود فرما رہے ہیں کہ حیران ہوں ان کے پاس ہتھیار کہاں سے آرہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کچے کے پولنگ اسٹیشنز میں جماعتوں کو ووٹ نہ ہونے کے برابر پڑے۔ کچے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے ہیں۔اگر ڈاکو پی پی سے کنکشن نہیں رکھتے تو وہ کچے میں آپریشن کیلئے سنجیدہ کیوں نہیں۔ کچے کے پولنگ اسٹیشنز کے نتائج بتارہے ہیں ڈاکو پیپلز پارٹی کے رحم وکرم پر ہیں۔

پیپلزپارٹی کچے میں ڈاکوئوں کی سرپرستی کر رہی ہے۔راشد سومرو نے کہا کہ اسمبلی میں بیٹھے پیپلز پارٹی کے نواب، سردار اور وڈیرے ڈاکو کی سرپرستی کررہے ہیں۔رہنما جے یوآئی نے کہا کہ جب تک بے رحمانہ آپریشن نہیں ہوگا تب تک ڈاکوئوں سے نجات نہیں ملے گی۔ پی ٹی آئی والے ہمارے گھر آئے ہم ان کے گھر گئے تھے، مولانا نے ان کو ویلکم کیا۔ ہمارے پی ٹی آئی کے ساتھ نظریاتی اختلافات ہیں۔انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا جوموقف ہے ہم سمجھتے ہیں وہ بیرونی ایجنڈے پر لیکر چل رہے ہیں۔ اب ان کے موقف میں کوئی تبدیلی آئی ہے تو یہ وضاحت تو ان کی جماعت کو دینی ہوگی۔راشد سومرو نے کہا کہ اگر اب بھی ان کا موقف وہی ہے تو شاید جے یو آئی کا ان کے ساتھ چلنا ممکن نہیں ہوگا۔

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں