سندھ کے بزرگ حضرت عبداللہ شاہ اصحابی کا 385 واں سالانہ عرس شروع

ہفتہ 24 فروری 2024 22:53

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2024ء) سندھ کے عظیم بزرگ حضرت عبداللہ شاہ اصحابی کا 385واں سالانہ سہہ روزہ عرس مبارک مکلی میں شروع ہو گیا۔ محکمہ اوقاف حیدرآباد و میرپور خاص ڈویژن کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر نور احمد پہوڑ نے مینیجر اوقاف احمد کمال خان، ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر محفوظ علی سومرو و دیگر کے ہمراہ درگاہ پر چادر چڑھا کر عرس مبارک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

چادر چڑھانے کے بعد ملکی سالمیت، استحکام، خوشحالی اور امن و امان کیلئے دعا کی گئی۔ بعد ازیں ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر نور احمد پہوڑ نے دربار کے اطراف کی مانیٹرنگ کیلئے محکمہ اوقاف کی جانب سے قائم کردہ سی سی ٹی وی کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سندہ صوفی بزرگوں اور درویشوں کی دھرتی ہے، جنہوں نے ہمیشہ امن، پیار، محبت، بھائی چارے اور اخوت کا درس دیا ہے، ان کی دی ہوئی تعلیم پرعمل کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے، بزرگوں کی درگاہیں روحانیت اور فیض کی ندیاں اور ہم سب کا قیمتی اثاثہ بھی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ پر امن ضلع ہے اس کے باوجود سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں، اس ضمن میں واک تھرو گیٹس اور 16 سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں تاکہ سیکیورٹی سمیت مانیٹرنگ کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہوں پر زائرین و عقیدتمندوں کو سہولیات فراہم کرنا محکمہ اوقاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کی سہولیات کیلئے پینے کے صاف پانی، وضو، واش رومز، مسافر خانہ، لنگر و دیگر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درگاہوں کے تقدس کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا اور کسی کو بھی غلط استعمال کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔#

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں