ابوظہبی ٹی 10 کوالیفائر ون، نیو یارک سٹرائیکرز نے سامپ آرمی کو41 رنز سے شکست دیدی

جمعہ 8 دسمبر 2023 23:14

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) ابوظہبی ٹی 10 لیگ کے کوالیفائر ون میں نیو یارک سٹرائیکرز نے سامپ آرمی کو41 رنز سے شکست دے دی، سٹرائیکرز کے 122 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سامپ آرمی مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 80 رنز بنا سکی، عقیل حسین نے تباہ کن بائولنگ کرتے ہوئے 6 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

جمعہ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹین لیگ کے پہلے کوالیفائر میں نیویارک سٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ 10 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے، اوپنر رحمان اللہ گرباز نے 28 بالوں پر 56 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل ہیں، آصف علی 7 بالوں پر 17 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ سامپ آرمی کے سپنر قیس احمد نے دو، جیسن ہولڈر، کریم جنت اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

نیویارک سٹرائیکرز کے 122 رنز کے جواب میں سامپ آرمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنا پائی، سٹرائیکرز کے بائولر عقیل حسین نے اپنی تباہ کن بائولنگ سے حریف ٹیم کے پرخچے اڑا دیئے اور صرف 6 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا، سامپ آرمی کے جیسن ہولڈر 22 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، قیس احمد 13 بالوں پر 31 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے جبکہ 9 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ اس طرح نیویارک سٹرائیکرز نے کوالیفائر ون میں سامپ آرمی کو 41 رنز سے شکست سے دوچار کردیا۔
وقت اشاعت : 08/12/2023 - 23:14:53

متعلقہ عنوان :