ابوظہبی ٹی 10 لیگ، دکن گلیڈی ایٹرز نے سامپ آرمی کو 28 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

جمعہ 8 دسمبر 2023 23:30

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) ابوظہبی ٹی ٹین لیگ کے کوالیفائر ٹو میں دکن گلیڈی ایٹرز نے سامپ آرمی کو 28 رنز سے شکست دے کر فائنل میں کوالیفائی کرلیا، گلیڈی ایٹرز کے 118 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سامپ آرمی مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز بنا پائی، گلیڈی ایٹرز کے عماد وسیم نے شاندار آل رائونڈ پرفارمنس سے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، ابوظہبی ٹی 10 کے فائنل میں دکن گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ نیویارک سٹرائیکرز کے ساتھ (کل) ہفتہ کو ہوگا۔

جمعہ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹین کوالیفائر ٹو مقابلے میں دکن گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنائے، اوپنر ٹوم کوہلر کیڈمور نے 36 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، آل رائونڈر عماد وسیم نے 18 بالوں پر 35 اور کپتان نیکولس پوران نے 9 بالوں پر 26 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

سامپ آرمی کی طرف سے قیس احمد اور سلمان ارشاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیسن ہولڈر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

دکن گلیڈی ایٹرز کے 118 رنز کے ہدف کے جواب میں سامپ آرمی مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز بنا سکی، کریم جنت نے 14 بالوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آندریس گاس 28 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے وقار سلمان خیل نے 6 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، عماد وسیم ، فیبین ایلن اور آندرے رسل نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ابوظہبی ٹی 10 کا فائنل (کل) ہفتہ کو نیویارک سٹرائیکرز اور دکن گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 08/12/2023 - 23:30:08

متعلقہ عنوان :