انگلش پریمیئر لیگ میں لیور پول نے لیوٹن ٹائون کو 1-4 گول سے ہرا دیا

جمعرات 22 فروری 2024 12:55

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2024ء) انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں لیور پول کی ٹیم نے لیوٹن ٹائون کو 1-4 سے ہرا دیا۔ یہ لیور پول کی ای پی ایل میں 18 ویں فتح ہے۔ انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے۔ اینفیلڈ ، لیورپول میں کھیلے گئے میچ میں انگلش پریمیئر لیگ کی ٹاپ ٹیبل ٹیم لیور پول اور لیوٹن ٹائون کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں لیوٹن ٹائون کی ٹیم کے چیڈوزی اوگبین نے میچ کے 12 ویں منٹ میں ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو لیور پول کے خلاف 1-0 گو ل کی برتری دلادی ،جو میچ کے ہاف تک برقرار رہی ۔

یوں میں کے پہلے ہاف پر لیوٹن ٹائون کو لیورپول کے خلاف 0-1 گول کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں لیور پول کی ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیوٹن ٹائون کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے جس کے نتیجہ میں لیور پول نے میچ کے اختتامی وقت تک 4 گول کر کے مقابلہ 1-4 کر دیا۔

(جاری ہے)

لیوٹن ٹائون کی ٹیم دوسرے ہاف میں کوئی گول سکور نہ کرسکی۔

لیورپول کے ورجل وین ڈجک،کوڈی گاکپو،لوئس ڈیاز اور ہاروی ایلیٹ نے ایک ایک گول سکو رکرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ لیور پول کے ورجل وین ڈجک نے 56ویں ،کوڈی گاکپو58ویں ،لوئس ڈیاز 71 اور ہاروی ایلیٹ نے90ویں منٹ میں ایک ایک گول سکور کیا۔یہ لیورپول کی لیگ میں 18 ویں فتح ہے اور وہ ای پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 60 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہے جبکہ دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم 56 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
وقت اشاعت : 22/02/2024 - 12:55:21