ٹاپ سیڈڈ جینک سنر اٹالین اوپن ٹینس مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

منگل 13 مئی 2025 14:54

ٹاپ سیڈڈ جینک سنر   اٹالین اوپن ٹینس  مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل  میں پہنچ گئے
روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) اٹلی کے نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر اور آسٹریلیا کے مشہور ٹینس سٹار ایلکس ڈی مینور اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت اے ٹی پی اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے چوتھے رائونڈ میں پہنچ گئے ۔ اٹلی کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر نے اٹالین اوپن ٹینس میں مینز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں نیدرلینڈز کے حریف کھلاڑی جیسپر ڈی جونگ کو شکست دی جبکہ آسٹریلوی ٹینس سٹار ایلکس ڈی مینور نے تیسرے رائونڈ کے میچ میں بولیویا کے ٹینس کھلاڑی ہیوگو ڈیلین ویلاسکو کو مات دی۔

اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اٹلی میں جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مردوں کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں 23 سالہ اٹلی کے ٹینس سٹار جینک سنر نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کے حریف کھلاڑی جیسپر ڈی جونگ کوسٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 2-6سے شکست دے کر اگلے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا،جہاں ان کا مقابلہ ارجنٹائن کے حریف کھلاڑی فرانسسکو سیرونڈولو سے ہوگا۔

تیسرے رائونڈ کے ایک اور میچ میں 23 سالہ آسٹریلیا کے مشہور ٹینس سٹار ایلکس ڈی مینور نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بولیویا کے ٹینس کھلاڑی ہیوگو ڈیلین ویلاسکو کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6اور 4-6سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ٹاپ 16 میچ میں ایلکس ڈی مینورکا مقابلہ امریکی حریف ٹینس کھلاڑی ٹامی پال سے ہوگا۔ \932
وقت اشاعت : 13/05/2025 - 14:54:59